مودی کا بلوچستان پر بیان ہمارے ’’را‘‘ سے متعلق مؤقف کی تائید ہے سرتاج عزیز

بھارت تسلیم کرے کہ مسئلہ کشمیر کا حل گولیوں سے نہیں بلکہ پاک بھارت مذاکرات میں پنہا ہے، مشیر خارجہ


ویب ڈیسک August 15, 2016
بھارت تسلیم کرے کہ مسئلہ کشمیر کا حل گولیوں سے نہیں بلکہ پاک بھارت مذاکرات میں پنہا ہے، مشیر خارجہ، فوٹو؛ فائل

مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نے اپنے بیان میں بلوچستان کا ذکر کرکے ہمارے ''را'' کی صوبے میں سرگرمیوں سے متعلق مؤقف کی تائید کی ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ نہتے کشمیری شب وروز بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف مظاہرے کررہے ہیں اور بھارتی فوج مظالم کے ذریعے ان کی آواز دبانے کے لیے مصروف ہے، مظاہروں میں اب تک 70 سے زائد بے گناہ کشمیری شہید اور 600 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں اور 37 روز سے مکمل کرفیو نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ میڈیا بلیک آؤٹ بھی جاری ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پاکستان کی بھارت کو مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کی پیشکش

سرتاج عزیز نے کہا بھارت کو تسلیم کرنا ہوگا کہ مسئلہ کشمیر گولیوں سے حل نہیں ہوسکتا بلکہ اس کا واحد حل پاک بھارت سنجیدہ مذکرات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نے اپنے بیان میں بلوچستان کا ذکر کرکے ہمارے بھارتی خفیہ ایجنسی کی سرگرمیوں سے متعلق مؤقف کی تائید کی ہے۔

مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مقبوضہ کشمیرمیں مظالم کو چھپانے کے لیے جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں اور دنیا کی توجہ اپنے کیے مظالم سے ہٹانے کی ناکام کوشش کرر ہے ہیں۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کے لیے غیر مسلح تحریک چل رہی ہے اس تحریک کو دہشت گردی سے نہیں جوڑا جاسکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔