مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 4 کشمیری شہید

مودی سرکار اپنے پرانے اور ناکام طریقہ کار کے ذریعے کشمیر کی صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے، عمرعبداللہ

کشمیر کی کشیدہ صورتحال ، تناؤ اور بے چینی پاکستان کی وجہ سے نہیں بلکہ اس کی ذمہ دار بھارتی سرکار ہے، عمر عبداللہ : فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 4 کشمیری شہید ہوگئے جس کے بعد 39 روز کے دوران قابض فوج کی بربریت کے نتیجے میں شہادتوں کی تعداد 87 ہوگئی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں مسلسل 39ویں روز بھی کرفیونافذ ہے جب کہ بھارتی مظالم کے خلاف حریت رہنماؤں کے اعلان پر کشمیری عوام کی جانب سے ریاست بھر میں حق خود ارادیت کے لئے ریفرنڈم مارچ بھی کیا جارہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں بھارت مخالف مظاہرین اور بھارتی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں بھی جاری ہیں اور آج بھی قابض بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کی آواز دبانے کے لئے ہتھیاروں کا سہارا لیا اور فائرنگ کرکے مزید 4 نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیرمیں حق خود ارادیت کیلئے ریفرنڈم مارچ، مزید 2 کشمیری شہید

دوسری جانب نیشنل کانفرنس کے صدر اور مقبوضہ کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ عمرعبداللہ نے بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر نریندر مودی کی جانب سے کی گئی تقریر پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ حل کرنے کا مودی کا بیان مضحکہ خیز ہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 مزید کشمیری بھارتی فوج کی گولیوں کا نشانہ بن چکے ہیں اور مودی پاکستان کے صوبے کے مسئلے حل کرنے کی سوچ لئے بیٹھے ہیں، بھارتی وزیراعظم بتائیں کہ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں کون سے اچھے کام کئے ہیں۔




اس خبرکوبھی پڑھیں: مودی کا بلوچستان پر بیان ہمارے ''را'' سے متعلق مؤقف کی تائید ہے، سرتاج عزیز

عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ وادی کی کشیدہ صورتحال کشمیر میں تناؤ اور بے چینی پاکستان کی وجہ سے نہیں بلکہ اس کی ذمہ دار بھارتی سرکار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار ایک بار اپنے پرانے اور ناکام طریقہ کار کے ذریعے کشمیر کی صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کررہی ہے، جب حد پار ہو جائے گی پھر بیان بازیوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: مودی کا بلوچستان میں بد امنی کرانے کا اعتراف

واضح رہے کہ تحریک آزادی کے کمانڈر برہان مظفروانی کی شہادت نے کشمیر عوام میں حق خودارادیت کی نئی روح پھونک دی ہے جس سے قابض فوج بھوکلاہٹ کا شکار ہے۔

Load Next Story