یمن میں اتحادی افواج کی فضائی بمباری سے 4 ڈاکٹروں سمیت 15 افراد ہلاک

اتحادی افواج کےطیاروں نے بین الاقوامی فلاحی طبی ادارے ڈاکٹرزود آؤٹ بارڈرزکے زیرانتظام اسپتال کونشانہ بنایا، یمنی حکام

اقوام متحدہ نے اسپتال حملے میں عام شہریوں اور بچوں کی ہلاکتوں کی شدید مذمت کردی ہے فوٹو: فائل

بین الاقوامی فلاحی طبی ادارے ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے یمن کے شہر عبس میں ایک اسپتال پر اتحادی افواج کی فضائی بمباری سے 4 ڈاکٹروں سمیت 15 افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے شہر عبس میں اتحادی افواج کے جنگی طیاروں کی جانب سے ایک اسپتال کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں اب تک 15 افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔


بین الاقوامی فلاحی طبی ادارے ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ہوئے بتایا ہے کہ حملے میں فوری طور پر 9 افراد ہلاک ہوگئے جن میں ایم ایس ایف کے عملے کے ارکان اور 4 غیر ملکی ڈاکٹرز بھی شامل ہیں جبکہ 26 افراد کو دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم زخمی ہونے والے افراد میں سے 6 مزید افراد دم توڑ گئے،حملے میں زخمی ہونے والے 20 افراد میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔یمنی حکام کے مطابق بمباری کا نشانہ بننے والے اسپتال کا شعبہ حادثات مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے ۔

دوسری جانب اقوام متحدہ نے اسپتال حملے میں عام شہریوں اور بچوں کی ہلاکتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے یمن سعودی تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق یمن میں جاری جنگ میں تاحال 6400 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تعداد عام شہریوں کی ہے جبکہ ڈھائی لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔
Load Next Story