کوئٹہ کے سول اسپتال میں خود کش حملہ آور کا تعلق پشین سے تھا چوہدری نثار

کوئٹہ سانحے میں ڈی این اے کے حوالے سے پیش رفت نہیں ہوئی ہے، وفاقی وزیرداخلہ


ویب ڈیسک August 16, 2016
کوئٹہ سانحے میں ڈی این اے کے حوالے سے پیش رفت نہیں ہوئی ہے، وفاقی وزیرداخلہ۔ فوٹو: فائل

لاہور: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے سول اسپتال میں خود کش حملہ آور کا تعلق پشین سے تھا جس کی انگلیوں کے نشان کی تصدیق اسی روز ہوگئی تھی۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کوئٹہ سانحے کے حوالے سے کچھ گرفتاریاں کی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر آگے بڑھ رہے ہیں، دہشت گرد کی انگلیوں کے نشان اسی دن تصدیق ہو گئی تھی، انگلیاں پشین سے ایک فرد کی تھیں تاہم دہشت گرد کے سر کا ایک حصہ ملا لیکن تعین نہیں ہو رہا ہے کہ سر کا حصہ بمبار کا ہی ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سانحے میں ڈی این اے کے حوالے سے پیش رفت نہیں ہوئی ہے تاہم انٹیلی جینس ایجنسیوں کی وجہ سے کافی پیش رفت ہوئی ہے۔

بلیک لسٹ پر موجود امریکی شہری میتھیو بیرٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میتھیو نے پاکستانی خاتون سے شادی کر رکھی ہے جس سے اس کے 2 بچے بھی ہیں، پہلی بار میتھیو بیرٹ 2011 میں پکڑا گیا تھا، اس وقت بھی میتھیو پرجاسوسی کا الزام ثابت ہوا نہ کیس بنا جب کہ میتھیو کا سسر وکیل ہے جس نےاس کا کیس بھی لڑا تاہم اس بار میتھیو کی آمد کی خبر سسر کو بھی نہیں تھی اور وہ اپنے سسر کے ساتھ بھی نہیں ٹھہرا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میتھیو کو 24 گھنٹے میں ویزا جاری کیا گیا، جاننا چاہتے ہیں کہ اس میں ایسی کیا خوبی تھی جب کہ متعلقہ فرد نے اپنا ویزا فارم بھی درست نہیں بھرا اور فارم میں کئی اہم خانے خالی چھوڑے گئے تاہم میتھیو کے ایئرپورٹ سے نکل جانے کی تحقیقات جاری ہیں اور کیس کی خود نگرانی کر رہا ہوں، ویزا دینے والےافسر کے خلاف کارروائی وزارت خارجہ کی ذمے داری ہے تاہم تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے کل قائم ہونے والی کمیٹی انتظامی کمیٹی ہے، کل میں نے تجویز دی کہ ہر ماہ وزرائے اعلی کو بلایا جائے، نیشنل ایکشن پلان کے 20 نکات میں سے 9 خالصتاً صوبوں سے متعلق ہیں، ہر ماہ مانیٹرنگ ہوگی تو پتہ چلے گا کہ کون اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |