صدرالدین راشدی کی سعودی عرب آمد پر پاکستانی مزدور پھٹ پڑے

وفاقی وزیر نے ان کی مشکلات کے ازالے اور تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔


Khususi Reporter August 18, 2016
وفاقی وزیر نے ان کی مشکلات کے ازالے اور تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، فوٹو : فائل

لاہور: سعودی عرب کے شہر ریاض کے کیمپوں میں مقیم متاثرہ پاکستانی ورکرز وفاقی وزیرصدرالدین راشدی کی آمد پر پھٹ پڑے، شکایات کے انبار لگا دیے اور بھارت کے متاثرہ مزدوروں کے برابر مراعات دلوانے کا مطالبہ کیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے سعودی عرب کے شہر ریاض میں کیمپوں میں مقیم متاثرہ پاکستانیوں کے وفد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر متاثرین نے شکایت کی کہ کیمپوں میں طبی ودیگرسہولتیں موجودنہیں، انہیں اپنے مستقبل کا کوئی پتا نہیں ہے۔ انہوں نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی، اقامہ کی تجدید کے مسائل سے بھی وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ سعودی حکومت نے بھارت کے متاثرہ مزدوروں کو ملازمتوں سمیت دیگر مراعات دینے کا اعلان کیا ہے اور آپ ایک ماہ بعد یہاں تشریف لا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے ان کی مشکلات کے ازالے اور تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

او پی ایف کے مطابق وفاقی وزیر نے سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیا سے ملاقات کی اور کیمپوں میں مقیم پاکستانی مزدوروں کو طبی سہولتوں کے مسائل سے آگاہ کیا، جس پر سعودی وزیر صحت نے وفاقی وزیر کو یقین دلایا کہ ان مزدوروں کو علاج معالجے کی سہولتیں سعودی عرب کے سرکاری اسپتالوں میں مفت فراہم کی جائیں گی اوراخراجات سعودی حکومت برداشت کریگی۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے سعودی وزیر محنت و سماجی ترقی ڈاکٹر مفرج بن سعد الحبانی سے بھی ملاقات کی اور انہیں کیمپوں میں مقیم پاکستانی مزدوروں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی، اقامہ کی تجدید اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ سعودی وزیر محنت نے وفاقی وزیر کو پاکستانی مزدوروں کے مسائل کے جلد ازالے کی یقین دہانی کرائی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔