2019 ورلڈ کپ پاکستان کے کوالیفائرزکھیلنے کا خطرہ برقرار

نویں پوزیشن سے بہتری کا سفر شروع کرنے کیلیے آئرلینڈ اور انگلینڈ پر فتح درکار


Sports Desk August 18, 2016
نویں پوزیشن سے بہتری کا سفر شروع کرنے کیلیے آئرلینڈ اور انگلینڈ پر فتح درکار. فوٹو: فائل

BAHAWALPUR: پاکستان کے ورلڈ کپ 2019 کا کوالیفائرزکھیلنے کا خطرہ بدستوربرقرار ہے، نویں پوزیشن سے بہتری کا سفر شروع کرنے کیلیے اگلی سیریز میں فتح درکار ہوگی، گرین شرٹس 18 اور 20 اگست کو آئرلینڈ سے دو میچز کے بعد 24 اگست سے 4 ستمبر تک انگلینڈ سے 5 میچز کھیلیں گے، ان میں کامیابی رسوائی سے بچانے میں معاون ثابت ہوگی۔

پاکستان 87 پوائنٹس لے کر نویں نمبر پر موجود جب کہ ویسٹ انڈیز7 پوائنٹس کی بہتری کے ساتھ 94 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر فائز ہے، پاکستانی ٹیم اگر آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف تمام میچز جیتنے میں کامیاب رہی تو وہ اعشاریائی فرق سے ویسٹ انڈیز کو پیچھے چھوڑ کر آٹھویں پوزیشن حاصل کرسکتی ہے، آئرلینڈ کیخلاف دونوں میچز جیت کر پاکستان اپنے 87 رینکنگ پوائنٹس برقرار رکھ پائے گا، دوسری کسی بھی صورت میں گرین شرٹس کو خسارہ ہوگا، ون ڈے رینکنگ میں 30 ستمبر2017 تک میزبان انگلینڈ اور 7 ہائی رینکڈ ٹیمیں 2019 میں شیڈول میگا ایونٹ کیلیے براہ راست کوالیفائی کرپائیں گی،اس لیے پاکستان اس سیریز میں ناکامی کا کسی طور متحمل نہیں ہوسکتا، بصورت دیگر اسے 2018 میں کوالیفائر ایونٹ میں جانا پڑسکتا ہے۔

جس میں ون ڈے رینکنگ کی آخری چار ٹیمیں ورلڈ کرکٹ لیگ سے آنے والی 6 سائیڈزکے ساتھ حصہ لیں گی، اس کی ٹاپ دو ٹیمیں میگا ایونٹ میں شرکت کی حقدار بنیں گی، ورلڈ کپ انگلینڈ میں تین برس بعد 30 مئی سے 15 جولائی تک شیڈول ہے۔ دریں اثنا بیٹنگ رینکنگ میں انگلینڈ کے روٹ اور بولنگ میں مچل اسٹارک نے نمایاں بہتری حاصل کرلی ہے، جنوبی افریقی ڈی ویلیئرز ٹاپ پوزیشن، کوہلی دوسرے اور ہاشم آملا تیسرے نمبر پر براجمان ہیں، پاکستان کا کوئی بیٹسمین ٹاپ20 میں بھی نہیں ہے، بولنگ میں ویسٹ انڈین سنیل نارائن پہلے نمبر پر موجود ہیں، آل راؤنڈرز میں شکیب نے پہلی جبکہ حفیظ نے دوسری پوزیشن سنبھال رکھی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں