مومل شیخ کی پہلی بالی ووڈ فلم کو پاکستان میں ریلیز پرمسائل کا سامنا

فلم ”ہیپی بھاگ جائے“ بروز جمعہ 19 آگست کو ملک بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہونی تھی۔

فلم ”ہیپی بھاگ جائے“ بروز جمعہ 19 آگست کو ملک بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہونی تھی۔ فوٹو؛ فلم پوسٹر

مومل شیخ کی بالی ووڈ فلم "ہیپی بھاگ جائے گی" کو پاکستان میں ریلیز پر مسائل کا سامنا ہے جس کے باعث فلم کا پریمیئر دو بار منسوخ کیا گیا ہے تاہم فلم کے سرٹیفیکیٹ کے اجرا کے سلسلے میں صورتحال کا مکمل جائزہ لینے کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات نے رپورٹ طلب کرلی۔

نمائندہ ایکسپریس کے مطابق مومل شیخ کی ڈیبیوٹ بالی ووڈ فلم "ہیپی بھاگ جائے" بروز جمعہ 19 گست کو ملک بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہونی تھی لیکن سینٹرل سینسر بورڈ کی جانب سے اعتراضات پرفلم کی ریلیز مشکلات سے دو چار ہے۔ فلم پر فی الوقت تک باقاعدہ پابندی عائد نہیں کی گئی لیکن اب فلم کی ریلیز کا فیصلہ وزارت اطلاعات و نشریات کے صوابدید پر ہے۔ گزشتہ ہفتہ فلم کو نمائش کے سرٹیفکیٹ کے لیے تمام سینسر بورڈ میں جمع کرادیا گیا تھا۔


چئیرمین سینٹرل سینسر بورڈ برائے فلم سرٹیفکیشن مبشر حسن نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سینٹرل سینسر بورڈ کے اراکین چند تکنیکی اعتراضات کے باعث ایک فیصلے پر متفق نہ ہوسکے جس کے بعد فلم کا جائزہ لینے کے لیے 9 رکنی بورڈ کی میٹنگ طلب کی گئی جس میں شریک اراکین میں سے ایک نے فلم پر اعتراض ظاہر کیا جب کہ 8 نے فلم کی نمائش کے حق میں ووٹ دیا، فلم کو سرٹیفکیٹ پر کلئیرنس نہ ملنے کے باعث فلم کا پریمیئر دو بار منسوخ کیا گیا۔

مبشر حسن نے کہا کہ "موشن پکچرز آرڈیننس 1979 اور سینسر شپ برائے فلم قوانین ایکٹ 1980'' کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات سینسر بورڈ کے فیصلے پر جائزہ لینے کا حق رکھتا ہے، وزارت نے ہم سے بدھ کے روز رپورٹ طلب کی تھی جو سینسر بورڈ نے آج جمع کرادی ہے، اب فلم کی ریلیز کا فیصلہ سینٹرل سینسر بورڈ کے ہاتھ سے نکل کر وزارت کے پاس چلا گیا ہے لیکن فلم کی ریلیزجمعہ کو فی الوقت مشکل لگ رہی ہے۔

فلم ڈسٹریبیوشن کمپنی، ڈسٹریبیوشن کلب کے چیئرمین نے ایکسپریس ٹریبیون سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فلم کو نمائش کے لیے سرٹیفکیٹ ملنے سے متعلق میرے پاس کوئی معلومات نہیں، فلم کی ریلیز کے لیے سرٹیفکیٹ کے اجرا میں تاخیر کے سبب کے لیے سینسر بورڈ سے رجوع کریں۔
Load Next Story