ٹیبل ٹینس چینی بادشاہت مضبوط چاروں گولڈ میڈل قبضے میں کر لیے

ویمنز ریسلنگ میں جاپان کاکلین سوئپ مکمل، بیچ والی بال میں جرمنی نے برازیلین حسرتوں کو سمندر میں ڈبودیا

ویمنز اسپرنٹ میں بھی جمیکا کی حکمرانی، الینی نے100کے بعد200میٹرمیں طلائی تمغہ گلے کی زینت بنالیا ، فوٹو : فائل

ریو اولمپکس کے ٹیبل ٹینس ایونٹ میں چینی بادشاہت مزید مضبوط ہوگئی، ریو گیمز میں بھی چاروں دستیاب سونے کے تمغے اس کی جھولی میں آگرے، ویمنز ریسلنگ میں جاپان نے کلین سوئپ مکمل کرلیا، ویمنز اسپرنٹ میں بھی جمیکا کی حکمرانی قائم ہوگئی، الینی تھامپسن نے 100 کے بعد 200 میٹر میں بھی طلائی تمغہ اپنے گلے کی زینت بنالیا۔ بیچ والی بال ایونٹ میں جرمنی نے برازیلین حسرتوں کو سمندر میں ڈبودیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹیبل ٹینس میں چین کی حکمرانی بدستور قائم ہے، مینز ٹیم نے جاپان کو زیر کرکے طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا، اس طرح ریو گیمز میں بھی بیڈمنٹن کے چاروں سونے کے تمغے چین کے نام رہے، اس کھیل میں چین کی حکمرانی 2000 کے سڈنی گیمز سے ہے جبکہ 1988 میںپہلی بار کھیل کے اولمپکس کا حصہ بننے سے اب تک چین نے دستیاب 32 سونے کے تمغوں میں سے 28 جیتے ہیں۔جاپان نے ویمنز ریسلنگ میں کلین سوئپ کرتے ہوئے تمام تینوں گولڈ میڈل حاصل کرلیے، ویمنز فری اسٹال 58 کے جی فائنل میں کائوری ایچو نے روس کی ویلیریا کابلووا پر غلبہ پایا۔جمیکا کی الینی تھامپسن نے ویمنز 200 میٹر میں بھی سونے کا تمغہ اپنے گلے کی زینت بنالیا، وہ اس سے قبل ویمنز 100 میٹر میں بھی دنیا بھر کی اسپرنٹرز کو پیچھے چھوڑ چکی ہیں، اس طرح دنیا کے تیز ترین مرد یوسین بولٹ کے بعد تیز ترین خاتون کا اعزاز بھی جمیکا کو حاصل ہوگیا۔


ویمنز 100 میٹر ہرڈلز میں امریکا نے کلین سوئپ کرلیا، برائینا لولنز نے 12.48 سیکنڈز میں مقررہ فاصلہ عبور کیا، ان کی ہموطن نیا ایلی نے سلور اور کرسٹی کیسٹلن نے کانسی کا تمغہ جیتا۔400 میٹر مینز ہرڈلز میں امریکا کے کیرون کلیمنٹ نے گولڈ میڈل پر ہاتھ صاف کیے۔جرمنی نے ویمنز بیچ والی بال میں برازیل کی سونے کے تمغے کی امیدیں توڑ دیں،لائورا لوڈوگ اور کیرا والکین ہورسٹ نے ورلڈ چیمپئن میزبان جوڑی اگاتھا بیڈنیرکزک اور باربراسیزاس کو مات دے کر گولڈ میڈل پر قبضہ کیا۔

مینز ڈبل کیاک 200 میں سونے کا تمغہ اسپین کے نام رہا، فاتح جوڑی سائول کریویٹو اور کرسٹین ٹورو نے لاگوا اسٹیڈیم میں برطانوی جوڑی لیام ہیتھ اور جان شوفیلڈ سے پہلے لائن کراس کی، چپوئوں والی کشتی کے ان مقابلوں میں برانز میڈل لیتھوانیا نے جیتا۔تائیکوانڈو مقابلوں کے پہلے روز انڈر 49 کے جی ویمنز کیٹیگری میں جنوبی کوریا کی سوہوئی نے سربیا کی یورپیئن چیمپئن کو معمولی فرق سے زیر کرکے سونے کا تمغہ جیتا۔ چین کے ژائو شوئی نے مینز انڈر 58 کے جی میں گولڈ میڈل حاصل کیا، انھوں نے تھائی لینڈ کے تیون ہین پراب کو قابو کیا۔ویمنز لانگ جمپ میں امریکا کی ٹائینا بارٹولیٹا نے سونے کا تمغہ جیت لیا۔گھڑسواری کے جمپنگ ٹیم ایونٹ میں فرانس نے 40 برس بعد سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔مینز ٹرائیتھلون میں برطانیہ کے الیسٹر برائونلی ٹائٹل کا دفاع کرنے والے پہلے ٹرائیتھلیٹ بنے جبکہ ان کے بھائی جونی نے سلور میڈل جیتا۔
Load Next Story