دفاع پاکستان کونسل کا کراچی کی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ
دفاع پاکستان کونسل نے 30 دسمبر کو کراچی میں امن و امان کی خراب صورتحال پر غور کرنے کے لئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کے صدر مولانا فضل الرحمان کو بھی بلایا جائے گا اور کانفرنس کے بعد امن مارچ کے ذریعے کراچی میں قتل و غارتگری ختم کرنے کی اپیل کی جائے گی۔
مولانا سے سوال کیا گیا کہ کیا متحدہ قومی موومنٹ اور عوامی نیشنل پارٹی کو بھی کانفرنس میں بلایا جائے گا تو انہوں نے جواب دیا کہ کونسل کے لئے یہ خوشی کی بات ہوگی کہ تمام جماعتیں مل بیٹھ کر کراچی کے خراب حالات کا حل نکالنے کی کوشش کریں۔
مولانا سمیع الحق نے کہا کہ کراچی میں بدامنی کے پیچھے لسانی جھگڑے نہیں بلکہ وہ طاقتیں کارفرما ہیں جو اس شہر پر اپنا قبضہ جمانا چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حفاظت کی ذمے داری پوری قوم اور جمہوری جماعتوں پر عائد ہوتی ہے۔ مشرقی پاکستان کے الگ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے 16 دسمبر کو ملک کی تاریخ میں بلیک ڈے قرار دیا اور 16 دسمبر کو شاہراہ قائد اعظم سے واہگہ بارڈر تک امن مارچ کرنے کا اعلان کیا۔