اقتصادی راہداری سے پاکستان میں بیروزگاری ختم ہوجائے گی گورنرپنجاب

حکومت کی مخصوص طبقوں پرٹیکس کے بجائے نیٹ وسیع کرنے پر توجہ ہے، گورنرپنجاب


Business Reporter August 20, 2016
کراچی کے حالات رینجرز آپریشن کے بعدبہترہورہے ہیں، ایف پی سی سی آئی کا دورہ، حکومت ایکسپورٹرز کے ریفنڈز واپس کرے،خالدتواب ودیگرکابھی خطاب فوٹو: فائل

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہاکہ حکومت قومی وسائل کو عوام کی فلاح وبہبود اور ملک کی ترقی کیلیے بروئے کار لانے کے لیے حقیقت پسندانہ حکمت عملی پر گامزن ہے جس کے ثمرات تیزی کے ساتھ سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ عوام کی قربانیاں بھی ہیں،کراچی کے حالات رینجرز کے آپریشن کے بعد بہتری کی جانب جا رہے ہیں۔

جمعہ کو فیڈریشن ہاؤس کے دورے پر اپنے اعزاز میں دیے گئے عصرانے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اور ریفنڈ کے مسائل کی وجہ سے تاجروں کو بہت مشکلات اٹھانی پڑیں، ریفنڈز کے معاملے پر تاجروں نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جس پر میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں، سماجی انصاف حکومتی ذمے داری ہے مگر حکومت کو آپ کی مدد کی بھی ضرورت ہے۔ سی پیک منصوبے کی تکمیل سے جہاں ملکی معیشت میں بہتری آئے گی وہاں ملک سے بیروز گاری کا بڑی حد تک خاتمہ بھی ہو گا

رفیق رجوانہ نے کہاکہ موجودہ حکومت برآمدات میں اضافے اور نجی شعبوں کی ترقی یقینی بنانے کے سلسلے میں ملکی وسائل کو فروغ، ادارہ جاتی اصلاحات اور گڈ گورننس جیسے امور پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کررہی ہے جبکہ برآمدات کے فروغ اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی لانے کے لیے حکومت ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔

انہوں نے ٹیکس وصولی سے متعلق بتایا کہ حکومت مخصوص طبقوں پر ٹیکس کا بوجھ بڑھانے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور معاشرے کے تمام طبقوں کے ٹیکس سے متعلق خدشات کو دور کرنے کے لیے حکومت نے حالیہ بجٹ سے قبل تجارتی، صنعتی اور سماجی تنظیموں کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ گفتگو شنید کا جو آغاز کیا تھا اس سے حکومت کو معیشت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور ٹیکس نیٹ کوبہتر بنانے میں کافی مدد ملی ہے۔

تقریب میں ٹی ڈیپ کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر، فیڈریشن کے نائب صدور حنیف گوہر، ذوالفقارعلی شیخ، عبدالسمیع خان، اکرام رجپوت ، وسیم وہرا، شکیل احمد ڈھینگر، ممتاز شیخ شاہنواز اشتیاق، کمال اے محمودی، اشتیاق بیگ اور بڑی تعداد میں تاجروں اور صنعت کاروں نے شرکت کی۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی کے سنیئر نا ئب صدر شیخ خالد تواب نے گورنر پنجاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی نمو میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن ملک میں صنعت کاری کے لیے ضروری ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے، برآمدات میں بھی اضافہ کیا جائے، اس کے لیے ہم حکومت سے کئی دفعہ گزارش کر چکے ہیں کہ وہ ایکسپورٹرز کے ریفنڈز واپس کرے تاکہ ایکسپورٹرز اپنی برآمدات کو فروغ دیں اور ان میں ریفنڈز ادا نہ کرنے کی وجہ سے جو مسائل پیدا ہو رہے ہیں وہ ختم ہو سکیں اور ان کا حکومت پر اعتماد بحال ہو۔

انھوں نے کہاکہ امن و امان کی صورتحال پاکستان میں کئی سال سے خراب چلی آ رہی ہے جس کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاری میں قدرے کمی آئی ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم ایسے اقدامات کریں جس سے پاکستان کی امن وامان کی صورتحال بہتر ہو، کراچی میں ماضی کے مقابلے میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے لیکن اسے مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کئی سال سے پانی اور بجلی کے بحران کا شکار ہے اور یہ مسائل وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتے جا رہے ہیں، کراچی میں تو صنعت کار پانی خریدنے پر مجبور ہیں جس سے ان کی پیداواری لاگت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اس موقع پر ٹی ڈیپ کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے کہاکہ حکومت توانائی بحران کو ختم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے اور انٹرنیشنل سطح پر آئل کی گرتی قیمتوں سے فائدہ اٹھا کر تیل کی درآمدسے بجلی کی کمی پوری کرے، اس کے ساتھ متبادل توانائی کے منصوبے وقت پر پورے کیے جائیں۔

فیڈریشن کے نمائندوں نے گورنر پنجاب کو ملکی معیشت کی ترقی اور تجارتی سر گرمیوں میں حائل رکاوٹوں اور ان کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ گورنر پنجاب نے یقین دلایا کہ وہ ٹھوس اور قابل عمل تجاویز پر پیشرفت کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو سفارشات بھیجیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کے نئے وزیر اعلیٰ بہت اچھا کام کر رہے ہیں، امید ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کراچی کے شہریوں کی امیدیں پوری کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |