عمران خان سے پارٹی کے ناراض ارکان کی ملاقات تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

تحریک انصاف میں کوئی باغی گروپ نہیں سب وفادار ارکان ہیں، ترجمان نعیم الحق


ویب ڈیسک August 20, 2016
تحریک انصاف میں کوئی باغی گروپ نہیں سب وفادار ارکان ہیں، ترجمان نعیم الحق، اسکرین گریب/ ایکسپریس نیوز

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی کے ناراض ارکان پارلیمنٹ سے تفصیلی ملاقات کی اور ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے ناراض ارکان پارلیمنٹ نے بنی گالہ میں خان سے 2 گھنٹے سے زائد تفصیلی ملاقات کی جس میں انہوں نے پارٹی چیرمین کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ناراض ارکان کا کہنا تھا کہ ہمارے تحفظات جمہوریت اور پارٹی کے مفاد میں ہیں جب کہ ہمارا مؤقف ہے کہ پارٹی کے معاملات بہتر کیے جائیں اور ہم خیبرپختونخوا میں گورنس اوراحتساب کاعمل مزید بہتر کرسکتے ہیں۔

ناراض ارکان نے کہا کہ عمران خان نے ہمارے تحفظات خوش اسلوبی سے سن کر دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جب کہ چیرمین نے 13 نکات پیش کرکے ہمارے تحفظات پہلے ہی دور کردیئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کوئی بھی پارٹی دوسری بار نہیں جیتی لیکن 2018 کے الیکشن میں تحریک انصاف دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور ہم عمران خان کے منشور پر عمل کرائیں گے۔

دوسری جانب اس موقع ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں کوئی باغی گروپ نہیں ، یہ وفادار ارکان ہیں جنہوں نے پارٹی چیرمین سے ملاقات میں انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور ان ارکان اسمبلی نے عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کے دن اجلاس میں سپریم کورٹ جانے یا نہ جانے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔