چینی مسلمان کا فریضہ حج کی ادائیگی کیلیے سائیکل پر سفر

محمد ما پاؤچین نے 3 ماہ قبل چین سے حج کے سفر کا آغاز کیا اور 8 ہزار 150 کلو میٹر کا سفر کرکے حجاز مقدس پہنچے۔


ویب ڈیسک August 20, 2016
محمد ما پاؤچین نے 3 ماہ قبل چین سے حج کے سفر کا آغاز کیا اور 8 ہزار 150 کلو میٹر کا سفر کرکے حجاز مقدس پہنچے۔ ماپاؤچین - فوٹو: العربیہ

چینی مسلمان محمد ما پاؤچین حج کے مقدس فریضہ کی ادائیگی کے لیے 3 ماہ میں 8 ہزار کلو میٹر کا سفر سائیکل پر طے کرکے حجاز مقدس پہنچے جب کہ اپنے انفرادی سفر کی وجہ سے وہ عالمی توجہ کا مرکز بن گئے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق چینی مسلمان محمد ما پاؤچین نے 3 ماہ قبل حج کے سفر کا آغاز چین کے علاقے شین جینگ سے کیا جہاں سے وہ پاکستان میں داخل ہوئے اور پھر براستہ افغانستان، ایران اور عراق سعودی عرب پہنچے۔ اس دوران انہوں نے موسمی تغیرات اور سفری صعوبتوں کو برداشت کرتے ہوئے 8 ہزار 150 کلو میٹر کا سفر سائیکل پر طے کیا اور طائف پہنچنے پر چینی عازم حج کا مقامی شہریوں نے پرتپاک استقبال کیا۔

ماپاؤچین کا کہنا ہے کہ چین سے پاکستان منتقلی کے بعد انہوں نے سعودی عرب کا ویزہ حاصل کیا کیونکہ ان کے پاس حج کا ویزہ نہیں تھا اور حج کا ویزہ حاصل کرنے کے بعد انہوں نے سائیکل پر سفر شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ سائیکل پر ان کا طویل سفر کئی حوالوں سے یادگار رہے گا، اس دوران انہوں نے راستے میں آتے ہوئے قدرتی حسن کے نظارے دیکھے مگر سعودی عرب کے تاریخی مقامات کی زیارت سے حاصل ہونے والا روحانی سکون ہمیشہ یاد رہے گا۔

واضح رہے کہ چین میں مسلمان آبادی کی تعداد 26 ملین سے زائد ہے لیکن صرف چند ہزار مسلمانوں کو ہرسال فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے حجاز مقدس کے سفر کی اجازت دی جاتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں