پاک انگلینڈ ون ڈے سیریز نو بال کا فیصلہ تھرڈ امپائر کرینگے

فیلڈآفیشلزسے فرنٹ فٹ چیک کرنے کی ذمہ داری آزمائشی بنیاد پرواپس لے لی گئی


AFP August 21, 2016
فیلڈآفیشلزسے فرنٹ فٹ چیک کرنے کی ذمہ داری آزمائشی بنیاد پرواپس لے لی گئی. فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پاک انگلینڈ ون ڈے سیریز میں نوبال کا فیصلہ تھرڈامپائر کریں گے، فیلڈ آفیشلز سے فرنٹ فٹ چیک کرنے کی ذمہ داری آزمائشی بنیاد پر واپس لے لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 24 اگست سے شیڈول پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں آزمائشی طور پر فرنٹ فٹ نوبال کے فیصلے کا اختیار ٹی وی امپائر کو سونپ دیا گیا ہے۔

عام طور پر فیلڈ امپائر ہی ڈلیوری سے قبل بولر کے پاؤں پر نظر رکھتے اور پھر فوری طور پر انھیں بیٹسمین پر نظریں جمانا ہوتی ہیں، یہ ان کے لیے کافی مشکل ہوتا اور غلطی کا احتمال بھی موجود رہتا ہے، رواں برس فروری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایڈم ووجس کو اس وقت امپائر رچرڈ النگورتھ نے ناٹ آؤٹ قرار دیا جب وہ 7 رنز پر کھیل رہے تھے، ری پلیز میں صاف دکھائی دیا کہ نوبال کی کال غلط تھی، بعد میں ووجس نے 239 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پاک انگلینڈ سیریز میں فیلڈ امپائر فرنٹ فٹ چیک نہیں کریں گے، سائیڈ کیمروں کی مدد سے تھرڈ امپائر چند سیکنڈز میں اس نتیجے پر پہنچیں گے کہ کہیں نوبال تو نہیں ہے،اگر بولرکا پاؤں لائن سے باہر جاتا دکھائی دیا تو وہ فوری طور پر 'وائبریٹنگ پیجر' کے ذریعے فیلڈ امپائرز کو اس کی اطلاع دیں گے، اگر پیجر نے کام نہیں کیا تو پھر وائرلس سے اپنا فیصلہ پہنچایا جائے گا۔ آئی سی سی امپائرز اینڈ ریفریز منیجر ایڈرائن گرفتھ نے اس حوالے سے کہاکہ فی الحال اس نئے طریقہ کار کی آزمائش ہو رہی ہے، سیریز کے اختتام پر نتائج کرکٹ کمیٹی کو بھیجے جائیں گے جو جائزہ لے کر مستقبل میں عملدرآمد کے حوالے سے اپنی رائے دے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں