ویمنز ہاکی برطانیہ نے گولڈ میڈل کا طویل انتظار ختم کرلیا

ڈچ ٹیم ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک نہ بنا سکی ،پنالٹیزپر0-2 سے شکست ہو گئی


AFP August 21, 2016
ڈچ ٹیم ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک نہ بنا سکی ،پنالٹیزپر0-2 سے شکست ہو گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

برطانیہ نے ویمنز ہاکی گولڈ میڈل کا طویل انتظار ختم کر لیا، نیدرلینڈز سے فائنل مقررہ وقت میں 3-3 سے برابر رہنے کے بعد ٹیم نے پنالٹی شوٹ پر 2-0 سے کامیاب ہوکر پہلی بار چیمپئن کا اعزاز پایا، ڈچ ٹیم اولمپکس ٹائٹل جیتنے کی ہیٹ ٹرک سے محروم ہوگئی، اس بار اسے چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے ویمنز ہاکی فائنل میں دو بار کی دفاعی چیمپئن نیدرلینڈز کو پنالٹی شوٹ پر 2-0 سے ٹھکانے لگایا، اولمپکس میں 2004 کے بعد ڈچ ٹیم کی یہ پہلی ناکامی ہے، اس نے لگاتار21 مقابلے جیتے لیکن برطانیہ نے لگاتار تیسری بارگولڈ میڈل جیتنے والی ٹیم بننے کا خواب بکھیردیا، گول کیپر میڈی ہنچ انگلش ٹیم کی فتح میں نمایاں رہیں، انھوں نے شوٹ آؤٹ مرحلے پر حریف ٹیم کی چار پنالٹیز روکیں۔

برطانوی ٹیم پہلی بار ایونٹ کا فائنل کھیل رہی تھی، اس سے قبل 1992 اور2012 میں برانز میڈلز حاصل کیے تھے، مقررہ وقت کے آٹھویں منٹ میں للی اوسلے کے گول کی بدولت انگلینڈ نے برتری پائی ، سوفی بیری نے تین دفاعی پلیئرز کو چکمہ دینے کے بعد گیند ان تک پہنچائی تھی، دوسرے کوارٹر کے پہلے منٹ میں ہالینڈ کی کیٹی وان میل نے جوابی گول داغ کر مقابلہ 1-1 کردیا، کھیل کے 24ویں منٹ میں مارٹیج پیومین نے پنالٹی کارنر پر گول داغ کر ڈچ ٹیم کو سبقت دلائی لیکن اس کا خاتمہ اگلے ہی منٹ میں کرسٹا کولین نے کردیا۔

کیٹی وان میل نے 36ویں منٹ میں انفرادی کوشش کی بدولت دوبارہ ڈچ ٹیم کو برتری دلا دی، لیکن آٹھ منٹ بعد نکولا وائٹ نے برطانیہ کی جانب سے تیسرا گول داغ کر مقابلہ پھر برابری کی سطح پر پہنچا دیا، شوٹ آؤٹ پر دونوں ٹیموں نے ابتدائی دوپنالٹیز ضائع کردیں لیکن انگلینڈ نے 2-0 سے فتح پالی، اس سے قبل جرمنی نے نیوزی لینڈ کو 2-1 سے مات دیکر برانز میڈل جیتا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔