ترکی میں شادی کی تقریب میں دھماکے سے 50 افراد ہلاک پاکستان کی پرزور مذمت

دھماکے میں ممکنہ طور پر دہشت گرد تنظیم داعش ملوث ہوسکتی ہے، ترک حکام


ویب ڈیسک August 21, 2016
دھماکے میں ممکنہ طور پر دہشت گرد تنظیم داعش ملوث ہوسکتی ہے، ترک حکام فوٹو:رائٹرز

لاہور: ترکی کے جنوبی صوبے غازی انتپ میں شادی کی تقریب میں دھماکے سے کم ازکم 50 افراد ہلاک اور 94 زخمی ہوگئے ہیں جب کہ پاکستان نے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے جنوبی صوبے غازی انتپ میں شادی کی تقریب کے دوران بم دھماکے کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک جب کہ 94 زخمی ہوگئے، دھماکے کے بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں بیشتر زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر دھماکے کی جگہ سے شواہد جمع کرنا شروع کردیے ہیں جب کہ ترک حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ممکنہ طور بر جنگجو تنظیم داعش ملوث ہوسکتی ہے۔ ترک نائب وزیراعظم کا کہنا ہے کہ دھماکہ خودکش حملہ ہوسکتاہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

دوسری جانب پاکستان نے ترکی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ترکی سمیت دنیا بھر میں کہیں بھی ہونے والی ہرقسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اورعوام ترکی میں حالیہ دہشت گرد حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں ترکی کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں دونوں ممالک کے عوام خطے میں امن برقرار رکھنے کے لئے کوشاں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں