پنجاب کے مختلف شہروں سے مزید 5 بچے لاپتہ 6 بازیاب

تازہ وارداتیں شیخوپورہ، سیالکوٹ، رینالہ خورد، پاکپتن اور ملتان میں ہوئیں، بچوں کی عمریں 15 سال سے کم ہیں، مقدمات درج


Numaindgan Express August 21, 2016
میلسی، ڈی جی خان، نواب شاہ اور سکھر میں اغوا کی کوششیں ناکام، ملتان، سکھر، حیدرآباد میں مبینہ اغوا کاروں پر تشدد۔ فوٹو: فائل

KARACHI: ملک کے مختلف شہروں میں بچوں کے اغوا، لاپتہ اور بازیاب ہونے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کئی علاقوں میں مبینہ اغوا کاروں کی عوام کے ہاتھوں درگت بھی بنتی رہی۔

شیخوپورہ میں تھانہ صدر کے علاقے شیش محل سے مقامی آ ٹو شاپ پر کام کرنے والے 12سالہ بچے کو نامعلوم ملزمان اغوا کر کے لے گئے، اسکول ٹیچر عارف حسین کا پوتا محمد سہیل ورکشاپ پر کام کر کے واپس آ رہا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے اسے گھر کے قریب سے اغوا کر لیا، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم مغوی بچے کا تاحال سراغ نہیں مل سکا،سیالکوٹ میں تھانہ مراد پور کے علاقے نول موڑ سے محنت کش بابر بٹ کا 3 سالہ بیٹا سبحان گھر سے لاپتہ ہو گیا، رینالہ خورد میں 13سالہ بچہ سیف الملوک جھنڈی پیر میلہ دیکھنے گیا اور لاپتہ ہو گیا۔

پاکپتن کے گاؤں ٹبی موہل میں واقع مدرسہ حنیفیہ جلالیہ سے 11 سالہ طالب علم محمد سلطان چاند لاپتہ ہو گیا،سیالکوٹ میں پولیس تھانہ نیکا پورہ نے گزشتہ روز اغوا ہونے والی دسویں جماعت کی طالبہ 18سالہ حفصہ کو ظفر وال میں اس کی پھوپھو کے گھر سے برآمد کر لیا، ایس ایچ او تھانہ نیکا پورہ اطہر غفور نے ایکسپریس کو بتایا کہ بچی اپنی مرضی سے گئی تھی،فیصل آباد میں اکیڈمی جاتے ہوئے اغوا ہونے والا8 ویں جماعت کا طالب علم 15سالہ جواد داتا دربار لاہور کی سیکیورٹی انتظامیہ نے پکڑ کر فیصل آباد پولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس نے اغوا کے شبے میں روڈ بلاک کرکے مظاہرہ کرنے پر والد سمیت 53 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے 4 افراد کو حراست میں لے لیا، پولیس کے مطابق بچہ اغوا نہیں ہوا تھا بلکہ آئے روز ماں باپ کے درمیان ہونے والے جھگڑے سے تنگ آکر گھر سے بھاگ گیا تھا، الائیڈ اسکول ساہیوال سے اغوا ہونے والا محلہ عید گاہ پل بازار کا رہائشی نویں جماعت کا طالب علم دانیال فیصل آباد سے بازیاب ہوگیا، اغوا کار بچے کو بیہوش کر کے فیصل آباد لے گئے جہاں سے وہ اسے خیبر پختونخوا لے جانے والے تھے کہ بچہ بھاگ نکلا جسے پولیس نے اس کے والدین کو ساہیوال سے بلا کر ان کے سپرد کر دیا۔

پولیس فرید ٹاؤن نے منڈھالی سے 8اگست کو اغوا ہونے والے دینی مدرسے کے13سالہ طالب علم شاہ زیب ظہور کے اغوا کا مقدمہ درج کر لیا، پولیس ابھی تک بچے کو بازیاب نہیں کر سکی اور نہ ہی ملزموں کا سراغ چل سکا ہے، خوشاب اور بھیرہ کے علاقے سے اغوا ہونے والے 2 بچوں کو بھی بازیاب کرا لیا گیا، ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بھی بچوں کو اغوا کرنے کی افواہوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز مبینہ طور پر 3 بچوں کو اغوا کیا گیا تاہم ملزمان 2 بچوں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے، پولیس نے اغوا کار کے شبے میں ذہنی معذور پر تشدد کرنے والے 2 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

اس کے علاوہ بہاولپور میں گھر سے بھاگنے والے بچے کو والدین کے حوالے کر دیا گیا، اسلام آباد پولیس نے لاہورکے قلعہ لکشمن سنگھ سے اغوا ہونے والا 11 سالہ عمیر والدکے حوالے کر دیا، سکھر کے علاقے واری تڑ میں 10سالہ بچی کے اغوا کی کوشش ناکام ہو گئی، اہل محلہ نے اغوا کار کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اے سیکشن پولیس کے حوالے کردیا، حیدرآباد میں بھی ہفتے کو بچوں کو اغوا کیے جانے کی افواہیں دن بھر گردش کرتی رہیں، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران شہریوں نے اپنے بچے کو لے جانے والے باپ اور ایک گداگر خاتون سمیت 6افراد کو اغوا کار ہونے کے شک میں زدوکوب کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا لیکن تحقیقات کے دوران تمام افراد بے گناہ اوراغوا کی اطلاعات جھوٹی نکلیں۔

نواب شاہ میں 3 نامعلوم ملزمان نے 12سالہ حنیف کو اغوا کرنے کی کوشش کی جسے قریبی کھیتوں میں کام کرنے والے کسانوں نے ناکام بنا دیا اور ملزم بچے کو چھوڑ کر فرار ہوگئے، نواب شاہ کے ہی علاقے محمدی ٹاؤن سے بھی ایک 12سالہ بچی کو اغوا کرنے کی کوشش کی گئی مگر بچی کی چیخ و پکار پر ملزمان پکڑے جانے کے خوف سے بچی کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں