پاکستان میں سب سے سستی چیز موت ہے سراج الحق

پنجاب میں انسانی احترام ختم ہو چکا ہر جگہ انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے، امیر جماعت اسلامی

دنیا چاند پر جا رہی ہے اور ہمارے ہاں انسانوں کا خون بہایا جا رہا ہے، سراج الحق۔ فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ مہذب معاشروں میں جانور پر بھی ظلم برداشت نہیں کیا جاتا جب کہ پاکستان میں سب سے سستی چیز موت ہے۔

لاہور میں جماعت اسلامی کے کارکن کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کے حلقے میں چوتھا قتل ہو گیا ہے، تحقیقات میں تاخیر ہوئی تو سمجھیں گے کہ قتل میں بڑے لوگ ملوث ہیں، ہمارے کارکن کے قتل میں ملوث ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو ذمہ دار حکومت ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی معاشرے میں قصاص کا نظام موجود ہے، اسلامی نظام نہ ہو تو منظر لاہور جیسا ہوتا ہے، اگر محسوس ہوا کہ حکومت اس معاملے میں کچھ نہیں کر رہی تو ہمارے پاس بہت سے راستے موجود ہیں۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: سود کے حق میں بیان دینے پرصدرممنون حسین کو فوری معافی مانگنی چاہئے

سراج الحق نے کہا کہ دنیا چاند پر جا رہی ہے اور ہمارے ہاں انسانوں کا خون بہایا جا رہا ہے، مہذب دنیا میں جانور پر بھی ظلم برداشت نہیں ہوتا لیکن پاکستان میں اگر کوئی چیز سب سے سستی ہے تو وہ موت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شریفوں سے یہی کہنا ہے کہ پنجاب میں انسانی احترام ختم ہو گیا ہے، ہر جگہ انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے، جمہوری دور میں بھی ایف آئی آر کٹوانا بھی مشکل ہو گیا ہے، ایف آئی آر کے لئے بھی لوگ دھرنے اور ریلیاں نکالنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

Load Next Story