تیل کے بعد گیس کی قیمتوں میں بھی کمی ہوگی اوگرا

30روپے کمی کی استدعاہے،اسٹیک ہولڈرزسے مشاورت جاری،فیصلہ سماعت کے بعد ہو گا،پٹرولیم قیمتیں حکومت طے کرے گی


APP August 23, 2016
سردیوں میں لوڈشیڈنگ کم ہوگی،چیئرپرسن، لائن لاسزگھٹ گئے،ایم ڈی سوئی ناردرن، عوامی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو فوٹو: فائل

چیئرپرسن آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) عظمیٰ عادل خان نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد گیس کے نرخوں میں بھی کمی ہو گی، اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جارہی ہے، گیس کی قیمتوں میں اوسطاً 30روپے کی کمی کی درخواست کی گئی ہے تاہم فیصلہ سماعت کے بعد کیا جائے گا۔

آئندہ ایل این جی کی قیمتوں میں عام صارف پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری بھیجیں گے جو حکومت فیصلہ کریگی اس پر عملدرآمد کیا جائے گا، قیمتوں کے حوالے سے حکومت نے کبھی بھی دباؤ نہیں ڈالا۔ وہ پیر کو مقامی ہوٹل میں گیس کی قیمتوں میں ردو بدل کے حوالے سے عوامی سماعت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہی تھیں، اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ امجد لطیف، سینئر جی ایم ڈسٹری بیوشن ساؤتھ سہیل گلزار، جنرل منیجر صغیر الحسن سمیت محکمہ سوئی گیس کے افسران موجود تھے۔

چیئرپرسن اوگرا نے کہا کہ سردیوں میں گیس کی صورتحال گزشتہ سال سے بہتر ہو گی، گیس لوڈشیڈنگ میں کمی ہوئی ہے۔ مزید کمی کی کوششیں جاری ہیں۔ عظمیٰ عادل خان نے کہا کہ لائن لاسز کم کرنے کیلیے اقدامات کیے جارہے ہیں، قیمتوں میں کمی کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کے بیانات سن رہے ہیں جس کے بعد اوگرا میرٹ پر فیصلہ کریگی۔

اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ امجد لطیف نے کہا کہ قدرتی گیس کے نئے ذخائر سسٹم میں شامل ہو رہے ہیں، سوئی گیس کے کمرشل، انڈسٹریل اور گھریلو لائن لاسز میں کمی ہوئی ہے جبکہ گیس کی چوری سے نمٹنے کیلیے انتہائی سخت اقدامات کیے جارہے ہیں،گھریلو صارفین کو گیس فراہمی ترجیح ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اوگرا کو نئے گھریلو گیس کنکشن 3 لاکھ کے بجائے سالانہ 5 لاکھ بڑھانے کی درخواست کی ہے، اجازت ملنے پر کنکشن جاری کیے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں