لاہورہائیکورٹ میں ایم کیوایم پر پابندی اورغداری کے مقدمے کیلئے درخواستیں دائر

پاکستان مخالف تقاریرکے خلاف پنجاب اسمبلی میں بھی مذمتی قرارداد جمع کرادی گئی

ایم کیو ایم کی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا حکم جاری کرے۔درخواست گزار، فوٹو؛ فائل

گزشتہ روز ملک کے خلاف تقریر پر ایم کیوایم کی رجسٹریشن منسوخ کرنے اور پارٹی رہنماؤں کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کے لیے ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کی گئیں ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان مخالف تقریرکے خلاف آفتاب ورک ایڈووکیٹ کی جانب سے ایم کیو ایم کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کے لیے درخواست دائرکی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایم کیوایم محب وطن جماعت نہیں، ایم کیوایم کے قائد نے پاکستان مخالف تقاریرکیں، آئین کے تحت سیاسی جماعت کا ملک کا وفادار ہونا ضروری ہے۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا کہ عدالت ایم کیو ایم کی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا حکم جاری کرے۔


لاہور ہائی کورٹ میں ہی ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے خلاف بیرسٹر ظفر اللہ کی جانب سے غداری کا مقدمہ چلانے کے لیے بھی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ملک کے خلاف اشتعال انگیز بیانات میں ایم کیوایم کے دیگر رہنما بھی شریک ملزم ہیں، اس لئے ان کے خلاف بھی غداری کارروائی کی جائے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: قائد ایم کیو ایم پر غداری کا مقدمہ

دوسری جانب پاکستان مخالف تقریرکے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے شعیب صدیقی کی جانب سے مذمتی قرارداد جمع کرادی گئی۔ قرارداد میں میڈیا ہاؤسز پرحملے اور صحافیوں کو زدو کوب کرنے کی بھی مذ مت کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان آرمی چیف کے بروقت اقدامات کو سراہتا ہے جب کہ ایوان سندھ پولیس کی بھی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
Load Next Story