دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا سربراہ پاک فوج

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کرم ایجنسی کے علاقے ٹل میں آپریشنل مورچوں کا دورہ کیا، آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کرم ایجنسی کے علاقے ٹل میں آپریشنل مورچوں کا دورہ کیا، آئی ایس پی آر، فوٹو؛ فائل

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ ہم اپنی سرزمین کو کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے اور ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کرم ایجنسی کے علاقے ٹل میں آپریشنل مورچوں کا دورہ کیا اور وہاں موجود پاک فوج کے جوانوں سے ملاقات کی جب کہ اس دوران آرمی چیف کو کومبنگ آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔


آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن میں دہشت گردوں سے برسرپیکار جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی کامیاب کارروائیوں سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ ہورہا ہے، انہی کامیابیوں کی بدولت ملک کا امن اور خوشیاں دوبارہ لوٹ آئیں۔

جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے دہشت گردوں کے سلیپرزسیل اورنیٹ ورک ختم کررہے ہیں، فاٹا میں آپریشنز سے صورتحال مزید بہتر ہورہے ہیں اور یہاں ملنے والی کامیابیوں کو مستحکم کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا، ہم اپنی سرزمین کو کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے پاک افغان سرحد پر ہونے والی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

Load Next Story