سپریم کورٹ کا کراچی میں گھر گھر جاکرانتخابی فہرستوں کی درستگی کا حکم

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ ازخود کسی ووٹر کی جگہ تبدیل نہ کی جائے۔


ویب ڈیسک December 05, 2012
سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ ازخود کسی ووٹر کی جگہ تبدیل نہ کی جائے۔ فوٹو فائل

سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ الیکشن کمیشن کراچی میں انتخابی فہرستیں درست کرے ، فوج اور ایف سی کی مدد سے ووٹرز کی گھر گھر جا کر جلد از جلد تصدیق کرائی جائے ۔

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نےعمران خان اور دیگر فریقین کی انتخابی فہرستوں کے حوالےسے درخواستوں پر سماعت کی، دوران سماعت جسٹس عظمت سعید شیخ نے فیصلہ پڑھ کر سنایا۔

فیصلہ کے مطابق عدالت نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ وہ ازخود کسی ووٹر کی جگہ تبدیل نہ کرے اور ایسا اسی صورت میں کیا جائے جب ووٹر اپنے ووٹ کا مقام تبدیل کرنے کی درخواست دے گا، عدالت نے ووٹر فہرست کی تصدیق کا عمل جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے،عدالت نے اپنے فیصلہ میں مزید کہا ہےکہ کراچی میں انتخابی فہرستوں میں موجود خامیوں اورغلطیوں کو درست کیا جائے۔

سپریم کورٹ نے انتخابی فہرستوں کے حوالے سے درخواست نمٹا دی تاہم بنیادی کیس پر سماعت غیر معینہ مدت کےلئے ملتوی کردی گئی۔

اس موقع پرجماعت اسلامی کراچی کے رہنما محمد حسین محنتی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو کراچی کے عوام کی فتح قرار دیا۔

مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما امتیاز شیخ نے فیصلے کو سراہتے ہوئے الیکشن کمیشن کو انتخابات فوج اورعدلیہ کی نگرانی میں کرانے کا مشورہ دیا ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر زاہد خان نے فوج کی موجودگی میں الیکشن کرانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے فیصلے کو عوام کی امنگوں کے مطابق قرار دیا۔

جبکہ سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ تمام ووٹوں کے ساتھ شناختی کارڈ نمبر درج ہیں، کراچی میں ووٹوں کی دوبارہ تصدیق ضروری نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں