ایم کیوایم گرتی دیوار ہے جسے روکنے والے اس کے ملبے تلے دبیں گے مصطفیٰ کمال

فاروق ستار کی پریس کانفرنس لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش تھی، چیرمین پی ایس پی


ویب ڈیسک August 23, 2016
فاروق ستار کی پریس کانفرنس لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش تھی، چیرمین پی ایس پی، فوٹو؛ فائل

پاک سرزمین پارٹی کے چیرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ فاروق ستار کی پریس کانفرنس لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش تھی جب کہ ایم کیوایم گرتی ہوئی دیوار ہے اور جو اس کو روکنے کی کوشش کرے گا اس کے ملبے تلے دب جائے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے قائد کی تقریر کے بعد کل سے آج تک جو بھی واقعات رونما ہوئے اور جیسے حالات پیدا ہوئے اس سب کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت سندھ اور وفاق سے کہنا چاہتا ہوں کہ کراچی اور حیدرآباد کے شہریوں نے ایم کیو ایم کو مینڈیٹ دے رکھا ہے لیکن حکومت اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ ان شہریوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس گمان میں نہ رہے کہ اب کراچی والوں کا کوئی وارث نہیں اور اگر ایسا ہوا تو ہمارے پاس لوگ ہیں اور لوگوں کے پاس اپنا حق مانگنے کے لیے سڑکیں ہیں۔

فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ فاروق ستار نے آج خود ثابت کردیا کہ ان سے زیادہ معصوم شخص کوئی نہیں ہے کیوں کہ آج کی پریس کانفرنس لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی گئی ہے جب کہ یہ گرتی ہوئی دیوار ہے اور جو اس کو روکنے کی کوشش کرے گا اس کے ملبے تلے دب جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صرف یہ کہہ دینا کافی نہیں کہ جسمانی اور ذہنی طبیعت ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے ایسی باتیں ہوئیں، یہ کیسی بیماری ہے جس میں پاکستان مخالف نعرے لگاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں