کراچی میں مفاہمت کے نام پرایک دوسرے کےجرائم پرپردہ ڈالاجارہاہےنوازشریف

مکمل اتفاق رائے تک کالا باغ ڈیم کی تعمیر پاکستان کے مفاد میں نہیں۔


ویب ڈیسک December 05, 2012
کراچی میں امن کے لئے تمام اداروں کو اکٹھا ہونا پڑے گا ،نواز شریف۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: مسلم لیگ(ن) کے صدرنواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی میں مفاہمت کے نام پرایک دوسرے کے جرائم پرپردہ ڈالا جارہا ہے،حالات کی خرابی میں حکومت اوراس کے اتحادیوں کے عسکری ونگز شامل ہیں۔

رائے ونڈ میں مسلم لیگ(ن) سندھ کے امور پر منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)سندھ میں بلدیاتی آرڈیننس کو قبول نہیں کرتی کیونکہ یہ آرڈیننس سندھ کے عوام کو تقسیم کرنے کی سازش ہے۔اس سلسلے میں ن لیگ صوبے کی دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر آواز بلند کررہی ہے۔ آج سندھ کے عوام ایک متبادل قیادت کی جانب دیکھ رہے ہیں کیونکہ حکمرانوں نے انہیں کچھ نہیں دیا۔ آئندہ عام انتخابات میں سندھ سے بھی کامیابی حاصل کریں گے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی کی صورت حال پر سپریم کورٹ کے جج نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز ہیں جو تخریب کاری میں ملوث ہیں۔ سپریم کورٹ نے جن سیاسی جماعتوں کے نام لئے تھے وہیں جماعتیں سندھ میں حکومت کی اتحادی ہیں۔ حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا نوٹس لیتے ہوئے ان عسکری ونگز کے خلاف ایکشن نہیں لیا ۔

مسلم لیگ(ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ پورا کراچی کرپشن کی زد میں ہے۔ ناانصافی، کرپشن اور قبضہ مافیا کو کنٹرول کرنے والا کوئی نہیں۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار سپریم کورت نے شہر میں زمینوں کی الاٹمنٹ پر پابندی لگادی ہے لیکن حکومت کی جانب سے کراچی کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ ملک کے معاشی حب کو نظر انداز کرکے پاکستان کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ ایک دوسرے کے جرائم پر پردہ ڈالنے کی مفاہمت تک کراچی کی صورت حال کبھی ٹھیک نہیں ہوگی اس سلسلے میں ملک کے تمام اداروں کو اکٹھا ہونا پڑے گا اور مشترکہ پالیسی بنانا پڑے گی ۔

مسلم لیگ(ن) کے صدر نے کہا کہ ملک کے دو صوبے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے خلاف جبکہ دو حق میں ہیں ان حالات میں مشترکہ لائحہ عمل تک ڈیم کی تعمیر کسی بھی طرح پاکستان کے مفاد میں نہیں۔ مسلم لیگ(ق) پرتنقید کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ق لیگ کی سیاست انہیں سمجھ میں نہیں آتی۔ آئندہ عام انتخابات میں وہ بھرپور کامیابی کی بات کرتے ہیں جبکہ ضمنی انتخاب میں وہ گھر کی نشست پر ہی ہار گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں