ملک ریاض کوکمیشن کے سامنے پیش ہونے کا پابند کیا جائےسڈل کمیشن

ارسلان افتخار کے خلاف سپریم کورٹ میں ثبوت پیش کئے لیکن ان ثبوتوں پر کوئی تحقیق نہیں ہوئی،ملک ریاض

شعیب سڈل کمیشن کی رپورٹ جمعرات کو زیرغور آئے گی۔ فوٹو : فائل

ارسلان افتخار کیس کی تحقیقات کرنے والے شعیب سڈل کمیشن نے سپریم کورٹ میں اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک ریاض کو کمیشن کے سامنے پیش ہونے کا پابند کیا جائے۔

30 صفحات پر مشتمل سڈل کمیشن کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک ریاض نے کمیشن کو ارسلان افتخار پر 34 کروڑ روپے کے الزامات کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا،ملک ریاض کوپانچ مرتبہ نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں، جن کا کوئی جواب نہیں آیا۔ کیشن نے سپریم کورٹ سے سفارش کی ہے کہ ملک ریاض کو کمیشن کے سامنے پیش ہونے کا پابند کیا جائے۔ رپورٹ جمعرات کو کیس کی سماعت کے دوران زیر غور آئے گی۔


دوسری جانب ملک ریاض نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پتہ تھا کہ شعیب سڈل کمیشن ارسلان افتخار کمیشن ہے۔ لندن میں ارسلان افتخار کے ہوٹل کا ماہانہ کرایہ 70 لاکھ پاکستانی روپے تھا۔ انہوں نے ارسلان افتخار کے خلاف سپریم کورٹ میں ثبوت پیش کئے لیکن ان ثبوتوں پر کوئی تحقیق نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ارسلان افتخار کی جانب سے ایف آئی اے پر عدم اعتماد کے اظہار کے بعد وفاقی ٹیکس محتسب شعیب سڈل پر مشتمل ایک رکنی تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیا تھا جس پر ملک ریاض کی جانب سے اعتراض کا اظہار کرچکے ہیں ۔
Load Next Story