ہیٹ ٹرک بولرز میں فالکنر کا نام بھی جگمگانے لگا

پاکستان کی جانب سے وسیم اکرم اور ثقلین مشتاق 2،2 بار کارنامہ انجام دے چکے

فالکنر ہیٹ کرنے والے چھٹنے آسٹریلوی بن گئے۔ فوٹو: بی سی سی آئی/فائل

ISLAMABAD:
آل رائونڈر جیمز فالکنر کا نام بھی ون ڈے انٹرنیشنل میں ہیٹ ٹرک بنانے والے بولرز کی فہرست میں جگمگانے لگا، وہ یہ اعزاز پانے والے چھٹے آسٹریلوی بن گئے۔


فالکنر نے گزشتہ روز سری لنکا سے سیریز کے دوسرے میچ کے 2 اوورز میں تین کھلاڑیوں کو مسلسل گیندوں پر آئوٹ کیا، 26 سالہ لیفٹ آرم پیسر نے اپنی پہلی وکٹ اننگز کے 46ویں اوورکی آخری گیند پر حاصل کی۔ سری لنکن بیٹسمین کوشل پریرا ایل بی ڈبلیو ہوئے، یہ فالکنر کے کوٹے کا آٹھواں اوور تھا، اس کے بعد48ویں اوورز میں دوبارہ آسٹریلوی کپتان نے انھیں گیند تھمائی، جب انھوں نے اپنی ابتدائی دو بالز پر 2 شکار کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی، پہلے اینجیلو میتھیوز ان کا نشانہ بنے، لانگ آف پوزیشن پر موئسس ہینرکس نے اپنے دائیں جانب دوڑتے ہوئے کیچ لیا، اگلی گیند پر تھشارا پریر ا کی وکٹیں اڑگئیں، فالکنر نے سیریز کے پہلے ون ڈے میں38رنزکے عوض4شکار کرتے ہوئے مین آف دی میچ ایوارڈ اپنے نام کیا تھا، اس مقابلے میں ان کی پرفارمنس 45رنز کے بدلے 3 وکٹیں رہیں۔

وہ آسٹریلیا کی جانب سے ون ڈے میں ہیٹ ٹرک بنانے والے چھٹے کھلاڑی بنے، 2013 میں کلنٹ میک نے بھی یہ کارنامہ انجام دیا تھا،بروس ریڈ، انتھونی اسٹورٹ، بریٹ لی اور ڈینئیل کرسٹیان بھی ایک روزہ کرکٹ میں کینگروز کی جانب سے ہیٹ ٹرک بناچکے ہیں، پاکستان کی جانب سے وسیم اکرم اور ثقلین مشتاق 2،2 ہیٹ ٹرک کر چکے،جلال الدین، عاقب جاوید، وقار یونس اور محمد سمیع بھی اس فہرست میں نام لکھوا چکے ہیں، عاقب کو 19 برس81دن کی عمر میں ہیٹ ٹرک کرنے والے نوعمر بولر کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
Load Next Story