قومی ہیرو کی آبائی شہر آمد آصف کو پھولوں میں لاد دیا گیا انعام کا اعلان

جلوس کی شکل میں فیصل آباد ایئرپورٹ سے باہر لے جایا گیا، سٹی گورنمنٹ کی جانب سے ایک لاکھ روپے کا چیک‘سڑک بھی منسوب...


Khususi Reporter December 06, 2012
فیصل آباد: ورلڈ اسنوکر چیمپئن محمد آصف کی جانب سے استقبال کیلیے آنے والوں کی داد کا جواب۔ فوٹو : آئی این پی

بلغاریہ میں اپنے شاندار کھیل کی بدولت ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت کر ملک کا نام بلند کرنے والے قومی ہیرو محمد آصف کا گزشتہ روز اپنے آبائی شہر پہنچنے پر لوگوں نے پُرجوش استقبال کیا'انھیں پھولوں میں لاد دیا گیا اور انعام کا اعلان بھی کیا گیا۔

ایئرپورٹ پر خیرمقدم کیلیے اہلخانہ' دوست احباب اور عام شہری موجود تھے' آصف کو جلوس کی شکل میں پھولوں کے ہار پہنا کر جھنگ روڈ سے ضلع کونسل چوک لایا گیا، وہاں قائمقام ڈی سی او وحید اختر انصاری' ڈویژنل اسپورٹس آفیسر میاں زبیر انور' ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر چوہدری طارق نذیر و دیگر ملازمین اور شہریوں نے بھرپور استقبال کرتے ہوئے انھیں ہار پہنائے،

ڈی سی او نے قومی ہیروکو سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جانب سے ایک لاکھ روپے کا چیک' چناب کلب کی اعزازی ممبر شپ دینے، اسنوکر ٹریننگ اکیڈمی کے قیام اور رہائش گاہ کے قریب واقع سڑک کو ان سے منسوب کرنے کا اعلان کیا' قومی ہیرو کو چوک گھنٹہ گھر لے جایا گیا وہاں تاجران اور شہریوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

3

آصف نے اپنے اسنوکر کلب جا کر اپنے دوستوں اور کھلاڑیوں سے بھی ملاقاتیں کیں' بعدازاں قومی ہیرو کو گھر لے جایا گیا جہاں پر والدین نے بھرپور استقبال کیا،اس موقع پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے کو ملے،والدہ نے اپنے بیٹے کو خوب دعائیں دیں۔ اس موقع پر آصف نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میری جیت میں قوم کی دعاؤں نے اہم کردار ادا کیا،ورلڈ چیمپئن شپ جیت کر ملک کا نام روشن کرنے پر فخر محسوس کر رہا ہوں، اسنوکر میں اپنی صلاحیتوں میں اضافے کی مزید کوششیں جاری رکھوں گا۔

انھوں نے کہا کہ ڈی سی او کی جانب سے اسنوکر اکیڈمی کے قیام کا اعلان خوش آئند ہے' اس سے کھیل کو فروغ ملے گا، میری کوشش ہو گی کہ ملک کا مستقبل میں نام روشن رکھنے کیلیے نوجوانوں کو اسنوکر کی تربیت دوں، اگر اس کھیل کو حکومتی سرپرستی حاصل ہو جائے تو بہت ٹیلنٹ اُبھر کر سامنے آئے گا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کیلیے مزید ٹائٹلز جیتنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |