انگلش اٹیک کے سامنے بھارتی بیٹنگ کی ٹانگیں کانپنے لگیں

273 پر 7 وکٹیں گنوا دیں، ٹنڈولکر کے بیٹ پر جمی گرد ہٹنے لگی 76 کی اننگز، گمبھیر کے 60 رنز، جیمز اینڈرسن نے 3 وکٹیں لیں

کولکتہ ٹیسٹ: بھارتی بیٹسمین سچن ٹنڈولکر آف سائیڈ کی جانب اسٹروک کھیل رہے ہیں، انھوں نے فارم میں واپس آتے ہوئے انگلینڈ کیخلاف 76 رنز بنائے۔ فوٹو: ایکسپریس

کولکتہ ٹیسٹ میں انگلش اٹیک کے سامنے بھارتی بیٹنگ کی ٹانگیں کانپنے لگیں۔

ابتدائی روز 273 رنز پر 7 وکٹیں گنوا دیں، سچن ٹنڈولکرکے بیٹ پر جمی گرد ہٹنے لگے، وہ76 اور گوتم گمبھیر 60 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کپتان دھونی 22 رنز پر کھیل رہے ہیں، وریندر سہواگ بچکانہ انداز میں رن آئوٹ ہوئے، جیمز اینڈرسن نے 3 اور مونٹی پنیسر نے دو وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق تیسرے ٹیسٹ کیلیے بھارت اپنی من پسند فلیٹ وکٹ پانے میں کامیاب رہا جبکہ مسلسل تیسری مرتبہ ٹاس جیت کر مہندرا سنگھ دھونی نے ماضی کو ذہن میں رکھتے ہوئے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ایڈن گارڈنز پر بھارتی ٹیم نے گذشتہ تین اننگز میں 600 سے زائد اسکور کیا تھا، مگر اس بار انگلینڈ کی منظم بولنگ سے ان کا یہ ارمان پورا ہونا ناممکن دکھائی نہیں دے رہا،ابتدائی روز ہی 273 رنز پر7 کھلاڑی آئوٹ ہوچکے ہیں۔ گوتم گمبھیر اور وریندرسہواگ نے شروع میں تھوڑی تیزی دکھائی اور 4.5 رنز فی اوورز کے حساب سے 47 رنز اسکور کیے مگراچھی طرح سیٹ ہونے کے باوجود سہواگ بچکانہ انداز میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔




انھوں نے مڈوکٹ کی جانب زوردار شاٹ کھیلا، سمت پٹیل نے ڈیپ اسکوائر لیگ سے بھاگتے ہوئے فیلڈنگ کی جبکہ پیچھے آنے والے اسٹیون فن نے گولی کی رفتار سے گیند کو وکٹ کیپر میٹ پرائر کی جانب اچھالا،اس دوران دورنز مکمل کرنے کے بعدوریندر سہواگ نے فیلڈرز کو دیکھے بغیر تیسرے کے لیے دوڑنا شروع کردیا، دوسری جانب سے گوتم گمبھیر نے چلا کر منع کیا مگر وہ اس وقت تک بہت دور آچکے تھے، میٹ پرائر نے آرام سے بیلز اڑادیں، اوپنر نے 23 رنز بنائے، چتیشور پجارا 16 رنز پر پنیسر کی گیند پر بولڈ ہوگئے، گمبھیر کو 60 رنز پر پنیسر نے ہی آئوٹ کیا جبکہ کیچ ٹروٹ نے تھاما ، ویرت کوہلی کی سیریز میں ناقص فارم کا سلسلہ جاری رہا۔

وہ 6 رنز پر سوان کے ہاتھوں کیچ ہوکر جیمز اینڈرسن کی پہلی وکٹ بنے، یوراج سنگھ آغاز میں ہی ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل سے محفوظ رہے اور پھر سچن ٹنڈولکر کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 79 رنز جوڑے، تاہم خود 32 رنز پر گریم سوان کی گیند پر الیسٹر کک کا کیچ بن گئے، سچن ٹنڈولکر نے11 ماہ بعد جب پہلی ٹیسٹ ففٹی مکمل کی تو شائقین کے ساتھ ہربھجن سنگھ بھی ڈریسنگ روم میں بھنگڑا ڈالتے دکھائی دیے تاہم جیمز اینڈرسن نے 78 رنز پر انھیں وکٹ کیپر پرائر کا کیچ بنادیا، آخری لمحات میں ایشون (21)کو بھی جیمز اینڈرسن نے پویلین واپس بھیج دیا، جب دن کا اختتام ہوا تو مہندرا سنگھ دھونی 22 اور ظہیر خان بغیر کھاتہ کھولے وکٹ پر موجود تھے۔

Recommended Stories

Load Next Story