فلم ’’رنگریزا‘‘ فلمی صنعت میں نیا ذائقہ متعارف کرانے کی کوشش ہے عثمان ملکانی

فلم” رنگریزا“موسیقی کے موضوع پر مبنی ہے جس کی کہانی کا محور جدید اور کلاسیکی موسیقی کے گرد گھومتا ہے۔


نمرہ ملک August 26, 2016
فلم” رنگریزا“موسیقی کے موضوع پر مبنی ہے جس کی کہانی کا محور جدید اور کلاسیکی موسیقی کے گرد گھومتا ہے۔ فوٹو؛ ایکسپریس

پروڈیوسر عثمان ملکانی کا کہنا ہے کہ فلم"رنگریزا" فلم انڈسٹری کا احیاء نہیں بلکہ صیح معنوں میں فلموں کی آمد ہوگی۔

کراچی میں فلم کے سیٹ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عثمان ملکانے نے کہا کہ فلم"رنگریزا" کے ذریعے فلمی صنعت میں نیا ذائقہ متعارف کروانے کی کوشش ہے اور تیزی سے احیاء کے مراحل طے کرتی فلمی صنعت میں فلم کو صیح معنوں میں ریلیز کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم" رنگریزا"موسیقی کے موضوع پر مبنی ہے جس کی کہانی کا محور جدید اور کلاسیکی موسیقی کے گرد گھومتا ہے، فلم میں کراچی میں مقیم قوال گھرانے کی کہانی غور ذکر ہے جو عہد حاضر میں بھی اپنی روایات سے جڑے ہوئے ہیں جب کہ پاپ موسیقی سے تعلق رکھنے والے ایک بینڈ کی کہانی بھی شامل ہے۔ فلم میں نہ صرف موسیقی، بلکہ رومان ، غصہ، حسد جیسے جذبات بھی شامل کیے گئے ہیں۔



فلم رنگریزا کی کاسٹ میں پاکستانی ڈراموں کے منجھے اور ابھرتے ہوئے ستارے شامل ہیں جن میں تنویر جمال، اکبر صبحانی، سلیم معراج،عمران پیرزادہ، شاہد نقوی، صبا فیصل، سیمی پاشا، بلال اشرف، گوہر رشید، عروہ حسین و دیگر شامل ہیں۔ فلم کی ہدایات نوجوان ہدایت کار عامر محی الدین نے دیں ہیں، یہ ان کی پہلی فیچر فلم ہے، اس سے قبل وہ ایکسپریس چینل کے لیے ٹیلی فلم"اچھی پھپو" بنا چکے ہیں، فلم کی کہانی اختر قیوم نے لکھی ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے ہی فلم کی موسیقی بھی ترتیب دی ہے جس کی بنیاد پر یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ ان کی موسیقی کے موضوع پر کہانی یقیناً بہترین کہانی ثابت ہوسکتی ہے، فلم میں 8 گانے شامل کیے گئے ہیں جنہیں جوش بینڈ کے قرم حسین، مشہرقوال فرید ایاز و ابو محمد اور دیگر کی آوازوں میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔



فلم میں تنویر جمال قوال گھرانے کے سربراہ کا کردار ادا کررہے ہیں جن کے لیے اپنی روایات انتہائی اہم ہیں۔ ان کے بھتیجے کا کردار گوہر رشید جب کہ بیٹی کا کردار عروہ حسین ادا کررہی ہیں، بلال اشرف پاپ گلوکار کے کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ تنویر جمال کا کہنا تھا کہ وہ کافی عرصہ بعد کیمرے کے سامنے واپس آرہے ہیں جس کا سہرا فلم کے ہدایت کار عامر اور مصنف اختر قیوم کے سر جاتا ہے جنہوں نے مجھے فلم میں اداکاری کرنے پر آمادہ کرلیا۔



فلم کے مصنف اختر قیوم نے کہا کہ موسیقی میرے دل کے بے حد قریب ہے ، کئی عرصہ سے موسیقی کے موضوع پر کہانی ذہن میں لے کر گھوم رہا تھا بالآخر اسے پردے پر لانے کی ہمت کرلی ہے اور امید کرتا ہوں کہ لوگ اسے پسند کریں گے۔ بلال اشرف کا کہنا تھا کہ رنگریزا میں کام کرنے کاتجربہ ان کے کے لیے بہت خوشگوار ثابت ہورہا ہے، سینئر اداکاروں سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے، امید ہے کہ جب فلم پردے پر آئے گی تو لوگ ہمارے کام سے محظوظ ہوسکیں گے۔

رنگریزا کی عکسبندی کراچی کے علاقہ ایم اے جناح روڈ پر قائم تاریخی عمارت سعید منزل میں یکم آگست سے جاری ہے تاہم فلم کی عکسبندی پاکستان کے اب تک ان دیکھے خوبصورت شمالی علاقہ جات میں بھی کی جائے گی جب کہ فلم کی ریلیز اگلے سال 2017 میں متوقع ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں