کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش

ایشیا کی سب سے بڑی روایتی مویشی منڈی میں نصب ٹینٹ اکھڑ گئے ہیں جب کہ شہر کا بڑا حصہ بجلی سے بھی محروم ہوگیا۔


ویب ڈیسک August 27, 2016
ایشیا کی سب سے بڑی روایتی مویشی منڈی میں نصب ٹینٹ اکھڑ گئے ہیں جب کہ شہر کا بڑا حصہ بجلی سے بھی محروم ہوگیا۔ فوٹو؛ ایکسپریس

شہر قائد میں گزشتہ روز سے جاری گرمی کے بعد مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش نے موسم کو خوشگوار کردیا ہے۔

شہرقائد میں ہفتے کی صبح سے ہی شدید گرمی تھی اوردوپہر12 بجے تک درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا تاہم آناً فاناً ہی گہرے سیاہ بادلوں نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اورملیر، گڈاپ، لانڈھی، کورنگی، سہراب گوٹھ، ناظم آباد اور گلشن اقبال سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع ہوگئی۔ اب تک سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی ہے جہاں صرف ایک گھنٹے میں 43 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے۔

تیز ہواؤں کے باعث سہراب گوٹھ میں لگنے والی ایشیا کی سب سے بڑی روایتی مویشی منڈی میں نصب ٹینٹ اکھڑ گئے ہیں جب کہ 250 سے زائد فیڈرٹرپ ہوجانے سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے بھی محروم ہوگیا ہے۔

دوسری جانب سپرہائی ٹول پلازہ کے قریب مکان کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق جب کہ 3 افراد زخمی ہوگئے جب کہ الفلاح سوسائٹی میں کرنٹ لگنےسےایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ترجمان کے الیکٹرک نے اپنے بیان میں عوام سے اپیل کی ہے کہ بارش کے موسم میں شہری احتیاط برتیں، ٹوٹے تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں۔

دوسری جانب واٹربورڈ میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے نکاسی آب کےلیےعملہ طلب کرلیا گیا۔ ایم ڈی کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ مصباح الدین فرید نے ہدایت کی ہے کہ سیوریج پمپنگ اسٹیشنوں کوہرصورت فعال رکھاجائے، بجلی معطلی کی صورت میں جنریٹر پمپس چلائے جائیں جب کہ شہری بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے مین ہول نہ کھولیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ آج شام تک جاری رہے گا اور اس دوران تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے رواں برس گزشتہ 3 برسوں کے مقابلے میں زائد بارش کی پیش گوئی کررکھی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |