لندن سے فون پر کراچی میں لاشیں گرانے والے کا آج کوئی نام لیوا نہیں پرویز رشید

ایم کیو ایم کے قائد برطانوی شہری ہیں اس لئے ان کے خلاف برطانیہ میں ریفرنس بھجوارہے ہیںں، وفاقی وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک August 27, 2016
ہم ناصرف روزگار کے مواقع پیدا کررہے ہیں بلکہ معیشت کو بھی مضبوط بنار ہے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات، فوٹو؛ فائل

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کاکہنا ہے کہ ایم کیوایم کے قائد خطاب لندن میں کرتے اور لاشیں کراچی میں گرتیں تھیں لیکن آج وہ ایسے انجام کو پہنچے کہ ان کا نام لینےوالا کوئی نہیں۔

ٹیکسٹائل ایشیاعالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ کراچی کےلوگ پاکستان بنانےوالوں میں شامل ہیں، ان کی حب الوطنی کو پورا پاکستان سلام پیش کرتاہے، کراچی میں امن قائم کرنے کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں،2013 سے پہلے کراچی والوں کے لئے چاند رات کو شاپنگ کرنا مشکل تھا لیکن رینجرز، پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیز نے جان ہتھیلی پر رکھ کر امن قائم کیا، ایم کیوایم کے قائد خطاب لندن میں کرتے اور لاشیں کراچی میں گرتیں تھیں، آج وہ ایسے انجام کو پہنچے جب ان کا نام لینےوالا کوئی نہیں، ایم کیو ایم کے قائد برطانوی شہری ہیں ، اس لئے ان کے خلاف برطانیہ میں ریفرنس بھجوارہے ہیں۔ برطانیہ اپنے قوانین کےمطابق خود اپنےشہری کو کیفر کردار تک پہنچائے گا۔

پرویز رشید نے کہا کہ جب اقتدار میں آئے تو دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان دہشت گردی اور جہالت تھی جبکہ ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کا عتاب تھا۔ 2013 سے قبل پورا سال ٹارگٹ کلنگ ہوتی تھی لیکن ملک کی باگ ڈور سنبھالتے ہی پہلی ترجیح غربت، جہالت، بیروزگاری اور دہشت گردی کا خاتمہ بنائی۔ اور اب بھی ہمارا عزم ہے کہ ملک کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نجات دلائیں گے اورمہنگائی و بیروگاری کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔

وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ حکومت تعمیری سیاست اورجمہوریت کے ذریعے معیشت کو ترقی دینا چاہتی ہے جمہوریت کے ذریعے ہی دیگر ممالک نے ترقی راستہ اپنایا۔ہم ناصرف روزگار کے مواقع پیدا کررہے ہیں بلکہ معیشت کو بھی مضبوط بنارہے ہیں حکومت شفافیت اور تیزرفتاری سے منصوبےمکمل کررہی ہے، پاکستان کے کسی بھی صنعتی شعبے میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی جبکہ صنعتی شعبے کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لئے قیمتوں میں ہر ماہ کمی کی جارہی ہے ۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عالمی ادارے بھی پاکستان کی تیز رفتار معاشی ترقی کی گواہی دے رہے ہیں چین نے پنجاب کو اسپیڈ پنجاب کا خطاب دیا اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے 36 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری بھی کی۔

پرویز رشید کاکہنا تھا کہ ملک خوشحال ہوگا تو ترقی میں اضافہ ہوگا ملک ترقی کرے گا تو سہولتوں میں بھی اضافہ ہو گا اور معیشت جتنی مضبوط ہوگی ملک اتنا مستحکم ہوگا۔ لیکن دھرنوں نے ملکی ترقی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا دھرنا سیاست ملکی ترقی اور خوشحالی میں سب سے بڑی رکارٹ ہے دھرنوں کے باعث چین کے صدر کا دورہ بھی 6 ماہ تاخیر کا شکارہوا ہم نے کبھی بھی دھرنا سیاست نہیں کی اور نا ہی اس سے کبھی خوفزدہ ہوئے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف نے 30 سال پہلے موٹرویز بنانے کا خواب دیکھا تھا حکومت نے ملک میں سڑکوں کا جال بچھادیا ہے اور آج موٹرویز پر تنقید کرنے ولاے خود موٹرویز بنارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں