عمران خان کی شادی سے متعلق غلط خبرنشر کرنے پر 13 چینلز پر جرمانہ

معافی نہ مانگنے اور جرمانے کی عدم ادائیگی پر چینلز کے لائسنس منسوخ کئے جائیں، پیمرا کے شکایات سیل کی سفارش


ویب ڈیسک August 27, 2016
پیمرا نے تمام چینلز کو جرمانے کے ساتھ معافی نشر کرنے کی بھی ہدایت کردی فوٹو: فائل

پیمرا نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق غلط خبر نشر کرنے پر 13 نیوز چینلز پر 5،5 لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ادارے کے شکایات سیل نے پاکستان تحریک انصاف کی تحریری درخواست پر ملک کے 13 نجی نیوز چینلز کو عمران خان کی شادی سے متعلق بغیر تصدیق خبر نشر کرنے پر 5،5 لاکھ جرمانہ کردیا ہے۔ جن چینلز کو جرمانہ کیا گیا ان میں جیو نیوز، جیو تیز، دنیا نیوز، رائل ٹی وی، خیبر نیوز، چینل24 ، چینل 92، نیوز ون، سچ ٹی وی، روز نیوز، چینل5، نیو نیوز اور چینل 5 شامل ہیں۔

شکایات کونسل نے چینلز کو ہدایت کی ہے وہ اپنے نیوز چینلز پر عمران خان سے معافی نشر کریں بصورت دیگر شکایات سیل نے ان کے لائسنس منسوخ کرنے کی سفارش کردی ہے۔

دوسری جانب شکایات کونسل نے چینل24 پر عامر لیاقت کے غیر اخلاقی نعروں پر5 لاکھ اور نیوز ون کو تضحیک آمیز جملوں کے تبادلے پر دو لاکھ روپے جرمانہ کر دیا۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل عمران خان نے اپنے ایک انٹرویو میں تیسری شادی کا عندیہ دیا تھا جس کے بعد نیوز چینلز نے ان کی تیسری شادی مانیکا خاندان سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون سے شادی کی خبر نشر کی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں