مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم دنیا کو دکھانے کیلیے 22 ارکان پارلیمنٹ نامزد

وزیراعظم نے 22 ارکان پارلیمنٹ کو خصوصی سفیر نامزد کیا جو کشمیر میں بھارت کے ظلم کو دنیا میں اجاگر کریں گے۔

وزیراعظم نے 22 ارکان پارلیمنٹ کو خصوصی سفیر نامزد کیا جو کشمیر میں بھارت کے ظلم کو دنیا میں اجاگر کریں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کو اجاگر کرنے کے لیے 22 ارکان پارلیمنٹ کو خصوصی سفیر نامزد کردیا۔



وزیراعظم نوازشریف نے 22 ارکان پارلیمان کو خصوصی نمائندوں کے طور پر نامزد کیا ہے جو دنیا کے اہم ممالک میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں گے۔ اس حوالے سے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف ممالک میں نمائندوں کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ خصوصی نمائندے عالمی سطح پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کواٹھائیں گے۔




اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خصوصی نمائندوں کو پاکستان کے عوام کی طاقت اور کشمیر ی عوام کی دعائیں حاصل ہیں جب کہ خصوصی نمائندوں کو مینڈیٹ اورپارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہے، یہ نمائندے بیلجئم ،چین ،فرانس ،روس ،سعودی عرب، واشنگٹن ،ترکی ،برطانیہ ،نیویارک ،جنیوا اورجنوبی افریقہ میں جائیں گے۔



وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ جانے کے باوجود کشمیر کامسئلہ حل نہیں کیا، ہم اقوام متحدہ کو کشمیری عوام سے کیا گیا حق خودارادیت کا وعدہ یاد دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی مسلسل ناکامی ہے جب کہ ہم یہ بھی واضح کریں گے کہ یہ بھارت ہی تھا جس نے کئی عشروں پہلے کشمیر کے تنازعے پر اقوام متحدہ سے رجوع کیا مگر اب وہ اپنا وعدہ پورا نہیں کررہا ہے۔
Load Next Story