سرفراز لارڈز میں ون ڈے سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی

پاکستانی اسٹار سے قبل دنیا کے صرف2وکٹ کیپر بیٹسمینوں نے ہی یہ کارنامہ انجام دیا

پاکستانی اسٹار سے قبل دنیا کے صرف2وکٹ کیپر بیٹسمینوں نے ہی یہ کارنامہ انجام دیا۔ فوٹو: اے ایف پی

سرفراز احمد لارڈز میں ون ڈے سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بن گئے، ان سے قبل دنیا کے صرف 2 وکٹ کیپر بیٹسمینوں نے ہی یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سرفراز احمد نے گذشتہ روز انگلینڈ کیخلاف مشکل وقت میں 105 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور قابل قدر مقام تک پہنچایا، یوں وہ لارڈز میں ون ڈے سنچری کا اعزاز پانے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے تیسرے وکٹ کیپر بیٹسمین بن گئے، ان سے قبل انگلینڈ کے جوز بٹلر اور سری لنکن کمار سنگاکارا نے 2014 میں ایک ہی میچ کے دوران تاریخی گراؤنڈ پر یہ سنگ میل عبورکیا تھا، سرفراز سے پہلے لارڈز میں پاکستان کیلیے سب سے بڑی 88 رنز کی اننگز محمد یوسف نے 2004میں کھیلی تھی۔


دوسرے ون ڈے میں گرین شرٹس کی اننگز کا بدترین آغاز ہوا اور صرف2 رنز پر 3 وکٹیں گر گئیں، البتہ سرفراز نے معاملات کو مزید بگڑنے سے بچا لیا، پہلی بار ایسا ہوا کہ سنگل ہندسے میں تین وکٹیں گنوانے والی ٹیم نے چوتھی سے چھٹی وکٹ کے درمیان ففٹی پلس شراکتیں بنائیں، سرفراز نے بابراعظم، شعیب ملک اور عماد وسیم کے ساتھ بالترتیب 64 ،59 اور 77 رنز جوڑے۔

ان سے قبل انگلینڈ کیخلاف اس کی سرزمین پر سنگاکارا ( 2)، ایڈم گلکرسٹ اور ٹم پین سنچریاں بنانے والے وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں، پاکستانی اسٹار کو تو انگلش ٹیم بیحد پسند ہے، اس کیخلاف5 میں سے 3 اننگز میں وہ 50 سے زائد رنز بنا چکے ہیں، البتہ ٹیسٹ میں صورتحال مختلف ہے جہاں 13 اننگز میں انھیں ایک بار بھی ففٹی پلس اسکور بنانے کا موقع نہ ملا۔ گذشتہ روز پاکستانی ٹاپ تین بیٹسمینوں نے صرف ایک رن کا اضافہ کیا، یہ انگلینڈ کیخلاف ون ڈے میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے، اس سے قبل2009-10میں سری لنکا نے تین رنز بنائے تھے۔

 
Load Next Story