لاہورمیں سی ٹی ڈی کی کارروائی سری لنکن ٹیم پرحملے اورمون مارکیٹ دھماکوں میں ملوث دہشت گرد ہلاک

سی ٹی ڈی نے لاکھو ڈیر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔


ویب ڈیسک August 28, 2016
ہلاک دہشت گردوں کے 4 ساتھی فرار، تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ فوٹو: فائل

مناواں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے کارروائی کر کے سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے اور مون مارکیٹ دھماکوں میں ملوث 4 دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی کو لاہور میں مناواں کے علاقے لاکھو ڈیر کے قریب ایک گھر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی، پولیس نفری جب میاں ٹاون پل کے قریب پہنچی تو 7 سے 8 دہشت گردوں نے ان پر حملہ کردیا، تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گر د ہلاک جب کہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے، جن کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: سری لنکن ٹیم پرحملہ، ملکی کرکٹ تاریخ کا سیاہ ترین باب

پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت زبیر عرف نیک محمد، عبدالوہاب، عدنان ارشد اور عتیق الرحمن کے ناموں سے ہوئی۔ 3 دہشت گرد سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے میں براہ راست ملوث تھے جب کہ عتیق الرحمن نامی دہشت گر 2008 مون مارکیٹ بم دھماکوں کا مرکزی ملزم تھا۔

واضح رہے کہ 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم حملے میں 7 پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے جب کہ 2008 میں مون مارکیٹ دھماکوں میں 70 سے زائد شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں