شام میں لڑائی جاری دفتر خارجہ کے ترجمان کا گھر نذر آتش

حلب میں 7 فوجی مارے گئے،حکومت 22 لبنانی نوجوانوں کی لاشوں کو واپس کرنے پر راضی۔


AFP December 06, 2012
نیٹو ترک سرحد پر پیٹریاٹ میزائل نصب کریگی، مقصد شام کے کسی ممکنہ حملے سے بچائو ہے. فوٹو: رائٹرز

شام کی سرکاری فوج نے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقوں کو باغیوں کے قبضے سے چھڑانے کیلیے شدید بمباری کی ہے جبکہ پرتشدد واقعات میں مزید7 سرکاری فوجی ہلاک ہوگئے۔

دمشق اب لڑائی کا مرکز بنتا جارہا ہے، فوج نے دمشق میں انٹر نیشنل ایئر پورٹ کو جانیوالے راستے پر قبضہ کرنیوالے درجنوں باغیوں کو ہلاک یا زخمی کرنیکا دعویٰ کیا ہے۔ حلب میں باغیوں سے جھڑپ میں7 فوجی مارے گئے، وادی دیف فوجی اڈے کے قریب بھی شدید جھڑپیں جاری ہیں۔

2

شامی حکومت باغیوں کے ساتھ مل کر لڑنے والے 22 لبنانی نوجوانوں کی لاشوں کو واپس کرنے پر راضی ہوگئی ہے۔ دریں اثنا شامی حکومت کیخلاف اعلان بغاوت کرنیوالے دفتر خارجہ کے ترجمان جہاد مقدسی کے دمشق کے پوش علاقے المزہ میں گھر کو سرکاری فوجیوں نے نذر آتش کر دیا ہے جبکہ جہاد مقدسی بیروت کے راستے لندن روانہ ہو گئے ہیں۔ ادھر نیٹو نے ترکی کی سرحد پر پیٹریاٹ میزائل نصب کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

نیٹو بیان میں بتایا گیا ہے کہ ترکی کی سرحد پر پیٹریاٹ میزائل نصب کرنیکا مقصد شام کی جانب سے کسی ممکنہ حملے سے بچائوہے۔ نیٹو سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ یہ اقدام ترکی اور شام کی سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کم کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہوسکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی پر حملے کا سوچنے والوں کو اس اقدام سے باز رہنے کیلیے متنبہ کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں