خالی بوتلوں سے گھر کا حسن بڑھانے کے کچھ گُر

خواتین کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ گھر کی آرائش کو نئے سے نیا انداز دیں۔


Munira Adil August 29, 2016
خواتین کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ گھر کی آرائش کو نئے سے نیا انداز دیں۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: خواتین کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ گھر کی آرائش کو نئے سے نیا انداز دیں۔ گھر کی آرائش میں نئے رنگ و انداز کا اضافہ دیکھنے والوں کو بھی بھلا لگتا ہے، لیکن آرائش کے یہ انداز اگر بنا کسی اضافی خرچے کے ہوں اور گھر میں موجود بے کار اشیا کو استعمال میں لایا جائے تو خاتون خانہ کے سلیقے کا بھی پتا چلتا ہے۔ گھر میں موجود خالی اور فالتو بوتلیں گھر کی آرائش میں اضافے کے ساتھ مختلف اشیا رکھنے کے کام بھی آسکتی ہیں۔

اس ضمن میں شیشے کی برنی اور بوتلیں دونوں کو مختلف انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ جار کو اچھی طرح دھوکر دھوپ میں سکھالیں یا کپڑے سے اچھی طرح خشک کرلیں۔ شیشے کی برنی میں پودے یا بیلیں بہ آسانی لگائی جا سکتی ہیں۔ پانی بھرکر ان میں منی پلانٹ بھی لگا سکتے ہیں۔

راہ داری میں یا گھر کے داخلی دروازے کے قریب میز پر خوب صورت شوپیس کا اضافہ کرنا ہو تو شیشے کی بوتل میں سیپیاں، سنگ مرمر، موتی، ریت وغیرہ کو خوب صورتی سے شامل کریں کہ ایک عام سی بوتل کسی آرٹسٹ کے فن کا نمونہ محسوس ہو۔ اس کو تار سے باندھ کر برآمدے یا لان میں درختوں کے قریب یا گھر کے کسی گوشے میں لٹکایا بھی جا سکتا ہے۔ شیشے کی خالی بوتلوں پر گلاس پینٹنگ سے خوب صورت ڈیزائن بناکر اس کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مثلاً اس میں موم بتی رکھی جا سکتی ہے۔ شیشے کی بوتل موم بتی کو ہوا سے بچاتی ہیں اور بجھنے سے محفوظ رکھتی ہیں۔ اس کے علاوہ گلاس پینٹنگ سے خوب صورت بنائی گئی ان بوتلوں میں بسکٹ، نمکو، سونف وغیرہ بھی رکھی جا سکتی ہے۔ اس کو کھانے کی میز پر رکھیں یا مہمانوں کے سامنے پیش کریں ہر لحاظ سے مفید ہے۔

خوب صورتی سی بوتل پر موتیوں کا کام یا مکرامے بنا کر ایک خوب صورت شو پیس کی شکل دی جا سکتی ہے۔ اسی طرح کپڑا یا کاغذ چپکا کر بھی اس کو سنگھار میز یا لکھنے کی میز پر رکھا جا سکتا ہے۔ اس میں مختلف میک اپ کے برش، کنگھیاں یا پینسل، پین، اسکیل، مارکر وغیرہ رکھے جا سکتے ہیں۔

مختلف رنگوں اور مختلف سائز کی بوتلوں کو باہم جوڑ کر بھی مختلف اشیا یا آرائش کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ البتہ اس کے لیے موٹے دستانے پہن کر احتیاط سے کام کرنا لازمی ہے۔

شیشے کی خوب صورت بوتل میں کوئی تحفہ رکھ کر بوتل پرگلاس پینٹنگ میں استعمال ہونے والی لیڈ (Lead) سے یا مارکر سے پیغام لکھ کر تحفے میں بھی دیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح ان بوتلوں میں جام، جیلی ، چٹنی اچار یا بسکٹ، ختائی وغیرہ ڈال کر بوتل کے ڈھکن پر کپڑا چپکا کر طراف میں ربن کا بو بنا کر چپکا دیں۔

اپنے ہاتھ کی بنی ان اشیا کو اپنے پیاروں کو تحفے میں دے سکتی ہیں۔ بوتل پر کوئی پیارا سا پیغام یا جس کو دے رہی ہیں، اس کا نام لکھ دیں یقیناً یہ تھوڑی سی محنت محبتوں کے رشتوں کو مزید مضبوط و پائے دار کرنے کا سبب بنے گی اور دیکھنے والے خاتون خانہ کے سلیقے کی داد دیے بنا نہیں رہ سکیں گے۔

کولڈ ڈرنک کی خالی پلاسٹک کی بوتل کا نچلا حصہ کاٹ کر کناروں پر ربن یا بیل گلو کی مدد سے چپکا دیں، پھر ربن کا بو بنا کر چپکا دیں۔ اس پر موتی یا ربن کے بنے ہوئے پھول چپکا دیں۔ یہ سنگھار میز پر خوب صورت اضافہ ثابت ہوگا۔ اس میں پینسلوں اور پینٹنگ کے برش رکھے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں بالوں کے کلپ اور پونیاں وغیرہ رکھے جا سکتے ہیں ۔ منرل واٹر کی بڑی بوتلوں کو بھی درمیان سے اس طرح کاٹیں کہ اوپری حصہ علیحدہ ہو جائے۔ نچلے حصے میں کھاد ڈال کر اس میں پودے لگائے جا سکتے ہیں۔ یہ کچن گارڈن میں بھی بے حد کارآمد اضافہ ثابت ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں