دبنگ خان نے مداحوں کے لیے آن لائن ایکشن گیم لانچ کرادیا

سلمان خان نے گیم میں اپنی فلموں كے 3 اہم كردار شامل كئے ہیں جو سپرہیروز كی طرح دنیا سے برائی كا خاتمہ كرتے نظر آتے ہیں


ویب ڈیسک August 29, 2016
چلبل پانڈے كا مقصد دنیا سے ناانصافی، ٹائیگر كا مقصد دنیا سے دہشت گردی، اور پریم كا مقصد دنیا سے برائی ختم کرنا ہے۔ (فوٹو: فائل)

سلمان خان كا آفیشل آن لائن گیم ''بینگ سلمان'' (Being Salman) لانچ كردیا گیا ہے جس میں ان کے تین مشہور کرداروں چلبل پانڈے، ٹائیگر اور پریم کو سپر ہیروز کی شکل میں پیش کیا گیا ہے۔

بالی ووڈ كے دبنگ خان اپنی فلموں سے تو مداحوں كو محظوظ كرتے ہی ہیں لیكن اب ان كا آفیشل گیم بھی لانچ كردیا گیا ہے جس كا ایک پرومو انہوں نے مداحوں سے شیئر كیا۔ 50 سالہ سلمان خان نے اس گیم میں اپنی كامیاب فلموں كے تین اہم كردار شامل كئے ہیں جو سپر ہیروز كی طرح دنیا سے برائی كا خاتمہ كرتے نظر آتے ہیں۔

اس گیم میں چلبل پانڈے، ٹائیگر اور پریم نامی تین ہیروز پیش كئے گئے ہیں۔ سلمان خان نے پروموشنل ویڈیو میں بتایا كہ چلبل پانڈے كا مقصد دنیا سے ناانصافی ختم كرنا ہے، ٹائیگر كا مقصد دنیا سے دہشت گردی ختم كرنا اور پریم كا مقصد دنیا سے برائی كو صاف كرنا ہے۔

سلمان خان نے چلبل پانڈے كا كردار اپنی كامیاب فلم ''دبنگ'' میں كیا تھا جبكہ ٹائیگر كا كردار ان كی فلم ''ایك تھا ٹائیگر'' سے لیا گیا ہے۔ سلمان خان كئی فلموں میں ''پریم'' نامی كردار ادا كرچکے ہیں تاہم اس گیم میں پریم نامی ہیرو کے بارے میں خیال ہے کہ یہ ان كی فلم ریڈی سے متاثر لگتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ہریتھک روشن نے اپنی فلم ''کرش 3 '' جب کہ شاہ رخ خان نے ''را-ون'' سے قبل اپنی فلم کی تشہیر کے لیے خصوصی گیمز لانچ کئے تھے تاہم پہلی مرتبہ کسی گیم میں ایک ہی اداکار کے 3 کرداروں کو ایک ساتھ شامل کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں