ایم کیوایم پر پابندی کی درخواست پر سندھ حکومت اور دیگر فریقین سے جواب طلب

چیئرمین سینیٹ اور اسمبلیوں کے اسپیکر کوایم کیوایم کے ارکان کی نااہلی کے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنے کی ہدایت کی جائے


ویب ڈیسک August 31, 2016
متحدہ کے خلاف دہشت گردی اور سیکیورٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے پابندی عائد کی جائے، درخواست گزار۔ فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ نے متحدہ قومی مومنٹ پر پابندی کے حوالے سے درخواست پر صوبائی حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی کے حوالے سے مولوی اقبال حیدر کی دائر کردہ درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کا موقف تھا کہ ایم کیو ایم کے بانی ملک دشمن ہیں اس لئے دہشت گردی اور سیکیورٹی ایکٹ کے تحت متحدہ قومی موومنٹ پر مقدمہ درج کرکے پابندی عائد کی جائے، اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ اور قومی و سندھ اسمبلی کے اسپیکر صاحبان کو ایم کیو ایم کے ارکان پارلیمنٹ کی نااہلی کے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنے کی ہدایت کی جائے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : الطاف حسین کے خلاف برطانوی حکومت کو باضابطہ ریفرنس بھجوا دیا گیا

عدالت عالیہ نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد سندھ حکومت، الیکشن کمیشن اور ایم کیو ایم کے ارکان پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ 22 اگست کو کراچی پریس کلب کے باہر ایم کیو ایم کے بانی کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی کے لیے لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں بھی درخواستیں زیر سماعت ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں