ایم کیو ایم کا الطاف حسین کیخلاف قومی اسمبلی میں قرارداد جمع کرائے جانے کا امکان

ریاست کے خلاف اشتعال انگیز تقاریرکامتحدہ قومی مومنٹ سے کوئی تعلق نہیں، ایم کیوایم اراکین قومی اسمبلی کی قرارداد کا متن

فاروق ستار آئندہ ہفتے ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں یہ قرارداد اسپیکر قومی اسمبلی کو پیش کریں گے۔. فوٹو: فائل

متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کی جانب سے اشتعال انگیز تقاریر پر ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کئے جانے کا امکان ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے ایک متن تیار کیا جا رہا ہے جس میں کہا جائے گا کہ ریاست کے خلاف متحدہ کے بانی کی جانب سے کی جانے والی اشتعال انگیز تقاریر کا ایم کیوایم سے کوئی تعلق نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار آئندہ ہفتے ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں یہ قرارداد اسپیکر قومی اسمبلی کو پیش کریں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: الطاف حسین کے خلاف برطانوی حکومت کو باضابطہ ریفرنس بھجوا دیا گیا


دوسری جانب ایم کیو ایم نے کنور نوید جمیل کی قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے درخواست بھی جمع کرادی جب کہ کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کنور نوید جمیل نے الطاف حسین سے لا تعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بھی پالیسی وہی ہے جو ایم کیو ایم پاکستان کی ہے۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے الطاف حسین کے خلاف پہلے ہی قومی اسمبلی میں قرارداد جمع کرائی جا چکی ہے۔

Load Next Story