ہم سب کو پاکستان کا ساتھ دینا چاہیے امریکی وزیرخارجہ کا بھارت میں خطاب

گزشتہ چند ماہ سے پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف موثر اندازمیں کارروائی کی ہے، جان کیری

پاکستان کو ابھی بھی دہشت گردی کے خلاف بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، امریکی وزیر خارجہ۔ فوٹو؛فائل

امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت زیادہ نقصان اٹھایا ہے اور پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف موثر انداز میں کارروائی بھی کی ہے۔


امریکی وزیر خارجہ جان کیری ان دنوں بھارت کے دورے پر ہیں جہاں نئی دلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت زیادہ نقصان اٹھایا لہذا ہم سب کو پاکستان کا ساتھ دینا چاہیے جب کہ ہمیں اس بات کو بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ عمل کس حد تک مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ سے پاکستان نے نہ صرف دہشت گردوں کے خلاف موثر انداز میں کارروائی کی ہے اور بلکہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیزی کے ساتھ جاری ہیں۔

جان کیری نے جہاں پاکستان کے کردار کی تعریف کی وہیں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ابھی بھی دہشت گردی کے خلاف بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، بالخصوص پاکستان میں موجود طالبان گروپوں کے خلاف ۔ ان کا کہنا تھاکہ امریکا نے اسلام آباد پر واضح کردیا ہے کہ پاکستان کو طالبان ، حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ جو کہ پاکستان سے کام کررہی ہیں، ان کے خلاف موثر کارروائی کرنی چاہیے کیونکہ یہ گروپس سرحد پار بھارت اور افغانستان میں حملوں میں ملوث ہیں۔
Load Next Story