طاہرالقادری کا 3 ستمبر کو تحریک انصاف کی ریلی میں شرکت کا اعلان

وزیراعظم نواز شریف کا مسند اقتدار پر بیٹھنا ملکی سالمیت کے لئے خطرہ ہے، طاہرالقادری


ویب ڈیسک August 31, 2016
وزیراعظم نواز شریف کا مسند اقتدار پر بیٹھنا ملکی سالمیت کے لئے خطرہ ہے، طاہرالقادری ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 3 ستمبر کو تحریک انصاف کی ریلی میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔

لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف احتجاج کا مقصد ماڈل ٹاؤن کے شہدا کاحساب اورپاناما معاملے کا احتساب کرنا ہے اور اس سلسلے میں 3 ستمبر کو تحریک انصاف کے احتجاج میں شرکت کریں گے اور عوام سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی احتجاج میں شرکت کر کے ظلم کے خلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا مسند اقتدار پر بیٹھنا ملکی سالمیت کے لئے خطرہ ہے کیوں کہ ان کی شوگر ملوں میں بھارتی جاسوس آکر ٹھہرتے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری پر ایک لفظ تک نہیں کہا۔

سربراہ پاکستان عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے بلوچستان سے متعلق بیان پر پاکستانی وزیراعظم نے ایک لفظ نہیں کہا جب کہ پارلیمنٹ کے فلور پر آپریشن ضرب عضب اورفوج کو گالی دی گئی لیکن وزیراعظم نے اسمبلی میں آکر اس تقریر کو ڈس اون نہیں کیا، پاکستان کی تاریخ میں ایسا وزیراعظم نہیں آیا جو پاکستانی سالمیت پر ایک لفظ نہ بولے، پاکستانی سالمیت پر ان کے لب سل گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کی بحالی کے لئے جنگ لڑ رہے ہیں، عوام باہر نکلیں ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کے قطرے قطرے کاحساب لیں، پاناما کے معاملے پر یہ لوگ تماشہ کر رہے ہیں تاہم احتجاج کو جمہوریت کے لئے خطرہ قرار دینے والوں کی زبانیں خاموش ہوجائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔