دہشت گردی کے خاتمے میں بڑا معرکہ سرکرلیا وزیراعظم نوازشریف

دہشت گردی جلد مکمل طورپرختم ہوجائےگی، وزیراعظم نوازشریف

پاک چین دوستی پر فخر ہےاسے مضبوط ہونا چاہیے،وزیر اعظم فوٹو: فائل

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے میں بڑا معرکہ سرکرلیا ہے اورجلد ہی اس کا مکمل خاتمہ بھی کردیا جائے گا۔

گوادرمیں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی دم توڑرہی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے میں بڑا معرکہ سر کرلیا ، اب دُم رہ گئی ہے جسے جلد ختم کردیا جائے گا ، گوادرپاکستان ہے اورپاکستان گوادر ہے، اللہ گوادر کو نظر بد سے بچائےاب یہ امن کا گہوارہ بن گیا ہے۔ بلوچستان امن کا گہوارہ بنتا جارہا ہے، بلوچستان کے امن کے لیے قربانی دینے والے خراج تحسین کےمستحق ہیں۔ بلوچستان میں قیام امن میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ کی خدمات کا بڑا عمل دخل ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری منصوبوں پر کام جاری ہے، توقع ہے یہ منصوبے وقت پر مکمل ہوں گے، بجلی کے منصوبوں پر تیزی سےکام جاری ہے،چین نے بجلی کےبحران پر قابو پانے میں پاکستان کی بڑی مدد کی ہے، 2018 تک بجلی کی ضروریات پوری کرلیں گے۔ گوادر میں جاری منصوبوں میں چین کا بھی اتنا ہاتھ ہے جتنا پاکستان کا ہے۔ گوادر منصوبہ پاک چین دونوں کے لیے یکساں فوائد کاحامل ہے۔


ملک کی دوسری بڑی بندرگاہ میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ وہ گوادرکو ایک بین الاقوامی شہربنتا دیکھ کر خوشی محسوس کررہے ہیں، یہاں جدید بین الاقوامی ایئرپورٹ ہوگا، جہاں سے خلیجی ممالک کے علاوہ یورپ کے لیے بھی پروازیں چلیں گی، انہوں نے 1991 میں گوادرکےعالمی بندرگاہ بننے کی صلاحیت محسوس کرلی تھی، گوادرکی بندرگاہ کواقتصادی راہداری میں مرکزی حیثیت حاصل ہے، گوادرسی پیک منصوبے کا اہم حصہ ہے، گوادرمیں 50 ارب سےسڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، گوادرمیں پینے کے پانی کے لیے پلانٹ اوربجلی کے منصوبوں پرکام جاری ہے، جہاں سے گوادر کے علاوہ بلوچستان کے دیگرعلاقوں کو بھی پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔

اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف گوادر پہنچے ہیں جہاں بلوچستان کے وزیراعلیٰ اور گورنر نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے گوادر میں چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق 5 اہم منصوبوں کا افتتاح کیا اورسنگ بنیاد رکھا۔

Load Next Story