پنجاب حکومت کا حمزہ علی عباسی کو قانونی نوٹس

حمزہ علی عباسی نے معافی نہیں مانگی تو ان کے خلاف سائبرکرائم کے تحت کارروائی کی جائے گی، محکمہ قانون پنجاب


ویب ڈیسک September 01, 2016
پنجاب میں بچوں کے اغوا کے حوالے سے جو کچھ فیس بک پر لکھا اوراخباروں میں چھپنے والی خبروں کی بنیاد تھی۔، حمزہ علی عباسی فوٹو؛ فائل

پنجاب حکومت کی جانب سے اداکارحمزہ علی عباسی کو فیس بک پر پنجاب میں بچوں کے مبینہ اغواکی بڑھتی وارداتوں پر مبالغہ آرائی سے کام لینے کا الزام عائد کرتے ہوئے قانونی نوٹس بھجوادیا گیا ہے۔

محکمہ قانون پنجاب کی جانب سے حمزہ علی عباسی کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے پنجاب اورخاص طور پر لاہور میں بچوں کے مبینہ اغوا کی وارداتوں کا فیس بک پر ذکر کیا جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں کیوں کہ انہوں نے نہ تو یہ بتایا کہ کتنے بچے اغوا ہوئے اورکتنے بازیاب۔ نوٹس میں کہا گیا ہے حمزہ علی عباسی نے بچوں کے مبینہ اغوا پر مبالغہ آرائی سے کام لیا جس سے لوگوں اورخاص طور پر والدین میں خوف کی فضا قائم ہوئی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں حمزہ علی عباسی کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر انہوں نے اس حوالے سے معافی نہیں مانگی تو ان کے خلاف سائبر کرائم کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب حمزہ علی عباسی نے اس بات کی تصدیق کی کہ انہیں پنجاب حکومت کی جانب سے ایک نوٹس موصول ہوا ہے تاہم انہوں نے پنجاب میں بچوں کے اغوا کے حوالے سے جو کچھ فیس بک پر لکھا اس کی بنیاد اخباروں میں چھپنے والی خبریں تھیں جب کہ تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کیوں کہ حمزہ علی عباسی پی ٹی آئی کے سپورٹر ہیں اس لئے پنجاب حکومت کی جانب سے ان کے ساتھ اس طرح کا رویہ اختیار کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں