اجے دیوگن اور کرن جوہر کے درمیان تعلقات کشیدہ 

اجے دیوگن نے اپنی فلم ’’شیوے‘‘ کو ناکامی سے دوچار کرنے کے لیے کرن جوہرپر پیسے دینے کا الزام لگایا ہے۔

اجے دیوگن نے اپنی فلم ’’شیوے‘‘ کو ناکامی سے دوچار کرنے کے لیے کرن جوہرپر پیسے دینے کا الزام لگایا ہے۔ فوٹو؛ فائل

بالی ووڈ کے ایکشن ہیرواجے دیوگن نے اپنی آنے والی فلم ''شیوے'' کو ناکامی سے دوچار کرنے کے لیے نامور فلمساز کرن جوہر پر فلمی نقاد کمال راشد خان کو 25 لاکھ روپے دینے کا الزام عائد کیا ہے۔

بالی ووڈاداکار اجے دیوگن کی فلم ''شیوے''اورفلمساز کرن جوہرکی فلم ''اے دل ہے مشکل'' دیوالی کے موقع پر ایک ساتھ نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی اور مداحوں کو دونوں فلموں کا بے چینی سے انتظار ہے جب کہ فلمی نقادوں نے بھی دونوں فلموں کے حوالے سے اپنی اپنی رائے کا اظہار کرنا شروع کردیا ہے اور باکس آفس پر کرن جوہرکی فلم کی کامیابی کا امکان ظاہر کیا ہے لیکن اب دونوں فلموں کے آنے سے قبل ہی فلم نگری کی بڑی شخصیات میں جنگ شروع ہوگئی ہے۔

بالی ووڈ کے مشہور نقاد کمال راشد خان سوشل میڈیا پر نہایت مقبول ہیں اور فلموں پراپنے بے لاگ تبصروں کے حوالے سے بھی شہرت رکھتے ہیں جب کہ انہوں نے کرن جوہر کی فلم ''اے دل ہے مشکل'' کے ٹیزر کے جاری ہونے کے بعد ہی فلم کی کامیابی کا امکان ظاہر کیا ہے جس کے بعد گزشتہ روز اجے دیوگن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں ایک فون کال کی ریکارڈنگ شیئر کرائی ہے جس میں فلمی نقاد نے اجے کی فلم کے حوالے سے منفی تبصرے کرنے کے لیے کرن جوہر سے 25 لاکھ لینے کا اعتراف کیا ہے۔




بالی ووڈ نقاد کمال راشد خان کی آڈیو ریکارڈنگ لیک ہوجانے کے بعد اجے دیوگن اور کرن جوہرکے درمیان تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے اور اجے دیوگن نے اپنی فلم کو ناکام کرنے کی سازش کا الزام عائد کرتے ہوئے کرن جوہر اور کمال راشد خان سے تحقیقات کامطالبہ کردیا ہے۔ہ اجے دیوگن کی اہلیہ اور کرن جوہر کی قریبی دوست کاجول بھی کرن جوہرکی جانب سے پیسے دینے کے معاملے پر حیران ہیں جس کا اظہار انہوں نےاپنی ٹوئٹ میں کیا ہے۔



دوسری جانب فلمی نقاد کمال راشد خان نے پیسے لینے کے الزام کی سختی سے تردید کی ہے جب کہ نامور فلمساز کرن جوہر نے اس معاملے میں مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے ۔
Load Next Story