سپر ہائی وے پر پولیس کا محاصرہ21مبینہ ملزمان گرفتار

2گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ، اسلحہ اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی گئی


Staff Reporter December 07, 2012
پولیس نے جوابی فائرنگ کے بعد ایک زخمی سمیت21مبینہ ملزمان کو حراست میں لے کر اسلحہ ، موٹر سائیکلیں اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی. فوٹو: ایکسپریس

سپر ہائی وے انڈس پلازہ میں جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری نے محاصرہ کر لیا۔

ملزمان نے فرار ہونے کیلیے2گھنٹے تک پولیس پر فائرنگ کی، پولیس نے جوابی فائرنگ کے بعد ایک زخمی سمیت21مبینہ ملزمان کو حراست میں لے کر اسلحہ ، موٹر سائیکلیں اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی، گرفتار کیے جانیوالے6ملزمان نے ایکسپریس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کو وہ بے گناہ ہیں برآمد ہونے والا اسلحہ اور منشیات ان کا نہیں اور وہ انڈس پلازہ کے قریب کھڑے ہوئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے پر واقع انڈس پلازہ میں جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ ڈی ایس پی قمر الزماں نے سچل اور سہراب گوٹھ تھانوں کی پولیس کے ہمراہ انڈس پلازہ کا محاصرہ کر لیا،2 گھنٹے سے زائد دیر تک فائرنگ کے تبادلے کے بعد21 مبینہ ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے6 ٹی ٹی پستول ، ایک رپیٹر اور7چوری و چھینی گئی موٹر سائیکلیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔

2

پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم احمد زئی ولد موسیٰ خان پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، پولیس کے مطابق حراست میں لیے جانے والے6ملزمان انتہائی خطرناک اور پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے ، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں،جن 6 ملزمان کو پولیس نے انتہائی خطرناک قرار دیا تھا انھوں نے ایکسپریس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ محنت کش ہیں اور انڈس پلازہ کے قریب کھڑے تھے کہ پولیس نے انھیں پکڑ لیا جبکہ جو اسلحہ ان کا بتایا جا رہا ہے وہ ہمارا نہیں۔

ایک ملزم نے بتایا کہ وہ ہوٹل پر300 روپے روزانہ اجرت پر ملازم ہے وہ پہلی مرتبہ تھانے آیا ہے، ملزم کا کہنا تھا کہ ہوٹل چل کر پوچھ کہ میں وہاں ملازم ہوں یا نہیں، ایک ملزم نے بتایا کہ رکشا ڈرائیور ہے، انڈس پلازہ کے سامنے سواری کے انتظار میں کھڑا تھا کہ پولیس اسے پکڑ لائی،ایکسپریس نیوز پر پکڑے جانے والے محنت کشوں کی خبر نشر ہونے کے بعد پولیس کے اعلیٰ افسران پکڑے جانے والے ملزمان سے تفتیش کرنے سہراب گوٹھ تھانے پہنچ گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں