عوامی تحریک کی قصاص ریلی کا لیاقت باغ سے آغاز

ضلعی انتظامیہ نے مری روڈ اور لال حویلی جانے والے تمام راستے سیل کردیئے۔

کارکن کنٹینرز سے پریشان نہ ہوں پر عزم رہیں اور ہر صورت میں لیاقت باغ پہنچیں، طاہر القادری۔ فوٹو: فائل

عوامی تحریک کی قصاص ریلی کا لیاقت باغ سے آغاز ہوگیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی میں عوامی تحریک کی قصاص اور سالمیت پاکستان مارچ کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ٹیلی فون پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سے گفتگو کی اور دونوں رہنماؤں نے مارچ کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔


دوسری جانب عوامی تحریک کی قصاص ریلی کا لیاقت باغ سے آغاز ہوگیا ہے جو کمیٹی چوک سے ہوتی ہوئی رحمان آباد پہنچے گی جہاں عوامی تحریک اور عوامی مسلم لیگ کے کارکنان دھرنا دیں گے جب کہ شیخ رشید ریلی کی قیادت کرنے کے لیے لال حویلی سے باہر آگئے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری اور شیخ رشید احمد ریلی سمیت دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین بھی ریلی کے شرکاء سے خطاب کریں گے۔

ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مری روڈ کو خاردار تاریں لگا کر ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند کردیا ہے جب کہ لال حویلی کی طرف جانے والے تمام راستے بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔ عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ حکومت ہماری پرامن ریلی کو خون میں نہلانا چاہتی ہے، پورے شہر کو کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔ طاہر القادری کا کہنا ہے کہ کارکن کنٹینرز سے پریشان نہ ہوں، پر عزم رہیں اور ہر صورت میں لیاقت باغ پہنچیں۔

 
Load Next Story