بھارت نوازشریف کا اقتدار بچانے کی جنگ لڑرہا ہے ڈاکٹر طاہر القادری

’’را‘‘ کے ایجنٹ شریف برادران کی ملوں میں ہیں اس لیے ان کا اقتدار میں رہنا ملک کی سالمیت کے خلاف ہے، سربراہ عوامی تحریک

نوازشریف کا اقتدار رہ گیا تو اگلا سانحہ ماڈل ٹاؤن پاک فوج پر ہوگا، سربراہ عوامی تحریک، فوٹو؛فائل

KARACHI:
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہےکہ شریف برادران انڈین ایجنٹ ہیں اور بھارت نوازشریف کا اقتدار بچانے کی جنگ لڑرہا ہے۔

راولپنڈی میں عوامی تحریک کی قصاص ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ میرے کارکنان میرے دل کی دھڑکن ہیں اور ان ماؤں کو سلام کرتا ہوں جنہوں نے آپ کی پرورش کی اور میں نے پرامن، پرعمل اور پرجوش بنایا جب کہ وقت کے فرعونوں سے لڑنا سکھایا۔ انہوں نے کہا کہ سلطنت شریفیہ میں انصاف ملے گا نہیں بلکہ چھیننا پڑے گا جب کہ حکمران آج عوام کا ٹھاٹے مارتا سمندر دیکھ لیں اور اگر میں کارکنان کو حکم دے دوں کہ فلاں تاریخ کو رائیونڈ چلنا ہے تو سوچ لیں کیا ہوگا، اب میرے پاس 2 آپشن ہیں ایک اسلام آباد اور دوسرا رائیونڈ، لیکن فیصلہ کارکنان نے ہی کرنا ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وعدہ کیا تھا کہ آپ کو ماڈل ٹاؤن کا انصاف ضرور ملے گا لیکن وہ نوازشریف کے کسی وزیر اور ادارے سے نہیں ہوگا، ہم بھیک نہیں مانگ رہے لیکن آپ کا وعدہ کب وفا ہوگا کیوں کہ آپ تو ریٹائر ہونے والے ہیں، ریٹائرمنٹ آپ کا اپنا فیصلہ ہے لیکن آپ نے ریٹائرمنٹ سے پہلے ان لوگوں کو انصاف نہ دلایا تو اللہ کے حضور کیا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف ضرب عضب جیسا کامیاب آپریشن کرچکے ہیں اور ماڈل ٹاؤن بھی ریاستی دہشت گردی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں انصاف اور قصاص لینا آتا ہے، یہ ہماری اپنی حکمت عملی ہے اور ہم 7 دن میں خود لے سکتے ہیں لیکن میں ملک میں خانہ جنگی نہیں چاہتا اور میرا سبق صرف امن پسندی کا ہے، میں نے بارود کے بجائے درود پھیلایا ہے۔


عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ نوازشریف اور شہباز شریف یہ لکھ لیں کہ ہم قصاص اور انصاف لے کر رہیں گے، انہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہر صورت پھانسی پر چڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آپ بیرونی طاقتوں سمیت اپنے وزیروں کو بھیج چکے لیکن میں نے شہیدوں کا سودا نہیں کیا اور مجھے اطمینان ہوگا کہ میں نے وقت کے فرعون کی طاقت کو ٹھکرادیا، ہم کبھی ماڈل ٹاؤن میں خون بہانے والوں سے بے وفائی نہیں کرسکتے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ یہ قتل صرف ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا نہیں بلکہ پاکستان کے سالمیت کا قتل ہورہا ہے جب کہ 'را' کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو جو گرفتار ہوا وہ تو صرف ایک تھا لیکن یہاں تو کئی کلبھوشن موجود ہیں، سنیل کمار، باسکر بابو، دیش راج، اشوکا، شیوا کمار سمیت 300 لوگ ہیں جو نوازشریف اور شہباز شریف کی ملوں میں رہتے ہیں اور نوازشریف ان کو ویزا دلوا کر پاکستان میں لاتے ہیں اور نوازشریف اور شہباز شریف انڈین ایجنٹ ہیں، ان کا پاکستان کے اقتدار پر بیٹھنا ملک کی سالمیت کے خلاف ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو میرے کینیڈا جانے سے کیوں تکلیف ہوتی ہے جب میرے کارکنان اس بات سے خوش ہیں اور انہیں کوئی اعتراض نہیں تو آپ کو کیوں ہے، میں نے جاتی امرے اور جائیدایں نہیں بنائیں جب کہ میری جائیداد میرے کارکنان ہیں اور یہی میرا سرمایہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں نوازشریف کے اتحادی، جس کا تعلق کوئٹہ سے، وہ پاکستان کی افواج کے خلاف بولتے ہیں وہ بھی پاکستان کے ہمسایہ ملک کی ایجنسی کے پے رول پر ہے جب کہ اس شخص کو حال ہی میں 10 کروڑ روپے کی ٹرانزکشن ملی ہے جس کا لیٹر موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پاکستان کو گالیاں دی گئیں، ان ملک دشمن عناصر کی گرفت کون کرے گا اور اگر ملک کی سالمیت کا تحفظ نہیں ہے وہاں ایک غریب کا تحفظ کیسے ہوگا۔

عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ اس ملک میں بجلی بھی شریف برادارن کی جلے گی کیوں کہ یہ واپڈا کو خرید لیں گے جب کہ انڈیا کی مدد سے بجلی پیدا کرکے اس ملک کی عوام کو بیچیں گے، اب ان سازشوں کا خاتمہ کون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اتنا ہی کرسکتا تھا جو میں نے کیا اور میں صرف پاکستان کو بچانا چاہتا ہوں جب کہ ملکی اداروں کا ارادہ ہو کہ انہیں جیل میں ڈالنا ہے یا سزا دینی ہے تو میں یہ ڈاکیومنٹ دینے کے لیے تیار ہوں اور اگر یہ غلط ثابت ہوجائیں تو مجھے جو بھی سزا دی جائے منظور ہوگی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ بھارت نوازشریف کا اقتدار بچانے کی جنگ پچھلے 6 ماہ سے لڑ رہا ہے، ان کی حکومت کو خطرہ ہو تو لائن آف کنٹرول پر فائرنگ ہوتی ہے، سانحہ کوئٹہ، سانحہ مردان ہوجاتا ہے، یہ اس وقت کیوں ہوتا ہے جب آپ کی حکومت کو خطرہ ہوتا ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ شریف برداران دہشت گردوں کے ساتھی ہیں اور انہوں نے آپریشن ضرب عضب کو ناکام بنانے کی بھی کوشش کی لیکن پاک فوج نے اس کو ناکام بنادیا، اگر ان کا اقتدار ختم نہ ہوا تو یہ پاکستان کا ایٹم بم بھی بیچ دیں گے اور فوج کو پنجاب کی پولیس بنادیں گے کیوں کہ یہ تمام ادارے خرید کر ہضم کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا اقتدار رہ گیا تو اگلا سانحہ ماڈل ٹاؤن پاک فوج پر ہوگا۔
Load Next Story