عدالت کا اہلیہ پر تیزاب پھینکنے والے ملزم بلال کھر کو نوٹس

فاخرہ یونس کا مقدمہ ری اوپن کیا جائے، ملزم نے گواہوں کو دھمکایا،درخواست گزار


Staff Reporter December 07, 2012
فاخرہ یونس کا مقدمہ ری اوپن کیا جائے، ملزم نے گواہوں کو دھمکایا،درخواست گزار فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے تیزاب سے جھلس کر ہلاک ہونے والی فاخرہ یونس کا مقدمہ ری اوپن کرنے کی درخواست پر ملزم بلال کھر کو تیسری بار نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ایک گھنٹے میں نوٹس کی تعمیل یقینی بنائی جائے اور تعمیل کیلیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں۔

جمعرات کو سماعت کے موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم بلال کھر کونوٹس موصول نہیں ہوسکا ہے،عدالت نے تیسری بار نوٹس جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 15جنوری تک ملتوی کردی،غیر سرکاری تنظیموں پائلر،شرکت گاہ و دیگر کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ بلال کھر کے خلاف مقدمے کی سماعت کے دوران ملزم نے گواہوں کو ڈرایا دھمکایا اور مقدمہ پر اثر انداز ہوا،ملزم کے خوف کے باعث گواہوں نے بھی بیانات تبدیل کر لیے تھے۔

6

جبکہ اہم گواہوں جن میں فاخرہ یونس، فاخرہ یونس کا علاج کرنے والی ڈاکٹر، فاخرہ یونس کی ہمشیرہ کرن، بہنوئی عرفان ملک، مدعیہ مقدمہ شاہدہ ملک، عامر ملک اور دیگر شامل ہیں، کے بیانات ریکارڈ نہیں کیے گئے، گواہوں کے بیانات آزادانہ ماحول میں ریکارڈ کیے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ گواہوں پر کوئی دبائو نہ ہو، ماتحت عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر مقدمے کی دوبارہ سماعت کی جائے۔

عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد مدعا علیہان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کا ریکارڈ محفوظ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ استغاثہ کے مطابق ملزم بلال کھر نے اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ مسماۃ فاخرہ اور اس کے بیٹے پر تیزاب پھینک دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں