ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس لیا جائےمتحدہ

صوبائی الیکشن کمشنر پر ن لیگ کو تحفظات، سونوخان سے فنکشنل لیگ ، این پی پی رہنماؤں کی ملاقات

فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں ہونے والی ضمنی انتخابات کے موقع پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس لیا جائے۔

یہ بات متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت میں وفد نے چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم سے جمعرات کو صوبائی الیکشن کمیشن میں ملاقات کے دوران کہی ۔وفد میں ایم کیوایم کے رہنما رضا ہارون، ڈاکٹر فروغ نسیم اور کنور نوید جمیل شامل تھے۔ ایم کیو ایم کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر کو گذشتہ دنوں ملک میں منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی،اسلحے کی کھلے عام نمائش اور بعض مقامات پر بوگس ووٹنگ کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ۔چیف الیکشن کمشنر نے ایم کیو ایم کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس حوالے سے ایم کیو ایم کی شکایات کی جائزہ لے کر آئندہ کے لیے اقدامات کریں گے۔ قبل ازیں مختلف سیاسی جماعتوں نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں ووٹرلسٹوں کی درستی کے لیے غیر جانبدار عملہ تعینات کیا جائے۔




یہ مطالبہ جماعت اسلامی، مسلم لیگ(ن) اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں نے جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم سے ملاقات میں کیا، ملاقات کرنے والوں میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، مسلم لیگ(ن) کے رہنما عرفان اللہ مروت اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما قاری محمد عثمان اور دیگر شامل تھے۔ مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں نے صوبائی الیکشن کمشنر سونوخان بلوچ کے بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا ۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کراچی میں ووٹر لسٹوں اور نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی تجاویز پر غور کرے گا اور تمام جائز تحفظات کو قانون کے مطابق حل کیا جائے گا۔

دریں اثنا مسلم لیگ (ف) کے رہنما امتیاز شیخ، جام مدد علی اور نیشنل پیپلز پارٹی کے رہنما نعیم الرحمٰن اور عاقب جتوئی نے صوبائی الیکشن کمشنر سونوخان بلوچ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ان رہنمائوں نے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 21نوشہرو فیروز میںگذشتہ دنوں ہونے والے ضمنی انتخابات میں مبینہ طور پردھاندلی اور تحفظات سے آگاہ کیا۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امتیاز شیخ نے کہا کہ پی ایس 21 کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے شواہد صوبائی الیکشن کمشنر کو فراہم کردیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جب ضنمی انتخابات میں دھاندلی نہیں روکی جاسکی تو عام انتخابات میں بھی دھاندلی کا خدشہ ہے ، انھوں نے کہا کہ ہمارے تحفظات پر سونو خان بلوچ نے یقین دلایا ہے کہ وہ بھرپور ایکشن لیں گے ۔
Load Next Story