مقبوضہ کشمیر کو بھارتی فوج کا قبرستان بنا دیں گے سید صلاح الدین

بھارت جتنا زیادہ ظلم کرے گا ہماری آزادی کی جدوجہد بھی اتنی ہی زیادہ مضبوط اور توانا ہوگی، سربراہ حزب المجاہدین


ویب ڈیسک September 04, 2016
اگر بھارت نے کشمیر کو مسئلہ نہ سمجھا تو ہماری جدوجہد پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی، سید صلاح الدین. فوٹو: فائل

THE HAGUE: حزب المجاہدین کے کمانڈر سید صلاح الدین نے کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت سے آزاد کرانے کا واحد راستہ مسلح جدو جہد ہے اور ہم مقبوضہ وادی کو بھارتی فوج کے قبرستان میں بدل دیں گے۔

بھارتی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں سید صلاح الدین کا کہنا تھا کہ کشمیری لیڈرشپ، عوام اور مجاہدین جان چکے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کا پر امن حل مذاکرات کے ذریعے ممکن نہیں، کشمیر کے مسئلے کا واحد حل مسلح جدوجہد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجی ہمارے گھروں کی حرمت کو پامال کر کے ہمیں حملے کرنے پر مجبور کرتے ہیں، تحریک آزادی کے نوجوان کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے آزادی کی تحریک انتہائی اہم دور میں داخل ہو چکی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے لئے مسلح جدوجہد کرنے والے تنظیمی اتحاد کے سربراہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 ماہ سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے اور پوری وادی بھارتی فوجی چھاؤنی بنی ہوئی ہے لیکن میں بتا دینا چاہتا ہوں کہ بھارت جتنا زیادہ ظلم کرے گا ہماری آزادی کی جدوجہد بھی اتنی ہی زیادہ مضبوط اور توانا ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ مذاکرات صرف اس صورت میں ہی ہو سکتے ہیں جب بھارت کشمیر کو ایک مسئلہ سمجھے، اگر بھارت نے کشمیر کو ایک مسئلہ نہ سمجھا تو ہمیں اپنی طاقت دکھانا ہوگی اور پھر ہماری مسلح جدوجہد صرف کشمیر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پورا خطہ اس کی لپیٹ میں آ جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔